نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی پولیس نے سات سالہ لڑکے کو بازیاب کر کے اس کے اغوا میں مبینہ طور پر ملوث چار افراد کو گرفتار کیا۔ گرفتار کیے گئے افراد کی شناخت اجے ورما (24)، امیت (18)، سچن (20) اور اجے (20) کے طور پر ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق بچہ ہریانہ کے ہانسی میں واقع ایک فارم ہاؤس سے برآمد کیا گیا۔
یہ معاملہ 28 ستمبر کو اس وقت سامنے آیا جب کمسن کی والدہ نے وکاس پوری تھانے میں شکایت درج کرائی کہ اس کا بیٹا اسکول جانے کے بعد گھر واپس نہیں لوٹا۔
والدہ نے مزید الزام لگایا کہ گرفتار شدہ افراد میں سے ایک اجے ورما، جو اس کا سابقہ "لِو اِن پارٹنر" اور ہانسی کا رہائشی ہے، اغوا میں ملوث ہے۔
شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا اور پولیس نے سرچ آپریشن شروع کیا، جس کے نتیجے میں بچے کو بازیاب کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایک الگ واقعے میں، 27 ستمبر کو دہلی پولیس نے 19 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا جس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ غیر قانونی ہتھیار سے فائرنگ کرتا نظر آیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے ایک دیسی پستول، ایک زندہ کارتوس اور دو خالی کارتوس برآمد کیے۔
پولیس کے مطابق، 26 ستمبر کو خفیہ اطلاع پر انسدادِ آٹو چوری اسکواڈ کی ٹیم، انسپکٹر یوگیش واشیشٹھا کی قیادت میں، جال بچھا کر ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی۔
ملزم کی شناخت جمال کے طور پر ہوئی، جو سرفراز کا بیٹا اور دہلی کے بھجن پورہ کے سُبھاش محلہ کا رہائشی ہے۔
حکام نے بتایا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی نگرانی کے دوران ایک ویڈیو سامنے آئی، جس میں ایک شخص کو ہتھیار سے فائرنگ کرتے دیکھا گیا۔ بعد ازاں اس شخص کی شناخت کر کے سراغ لگائے گئے اور اسے پکڑا گیا۔
تلاشی کے دوران جمال کے قبضے سے ایک دیسی پستول، ایک زندہ کارتوس اور دو خالی کارتوس برآمد ہوئے۔
ملزم کے خلاف اسلحہ ایکٹ کی دفعہ 25 کے تحت بھجن پورہ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اس سے قبل، دہلی پولیس نے مغربی دہلی کے راجوری گارڈن علاقے میں 3,580.4 کلو غیر قانونی آتشبازی بھی برآمد کی تھی۔ ایک خاندان اپنے مکان کو بطور گودام استعمال کر رہا تھا۔ پولیس نے ایک شخص، اس کی بیوی اور بیٹے کو رنگے ہاتھوں پکڑا جب وہ پٹاخوں کو دوبارہ پیک کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق یہ پٹاخے میرٹھ، گڑگاؤں اور غازی آباد سے لائے گئے تھے تاکہ دہلی میں زیادہ منافع پر بیچے جائیں، حالانکہ سپریم کورٹ نے اس پر پابندی عائد کر رکھی ہے