نئی دہلی: دہلی پولیس 20 جولائی کو دہلی میں ہونے والے احتجاج کے دوران پیلیٹ گن کے استعمال سے متعلق شکایت پر ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ ذرائع نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ پولیس سے یہ شکایت پیلیٹ گن سے زخمی ہونے والے ساحل لوچاو نے کی تھی، جنہوں نے بعد میں کہا تھا کہ ان کی شکایت پر ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔
ذرائع نے پہلے بتایا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق یہ جاننے کے لیے شکایت کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا اس معاملے میں نیا مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن پہنچے اور لوچاو کی شکایت پر ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنے پر بیٹھ گئے۔ راہل گاندھی نے کہا، ’’20 جولائی کو کناٹ پلیس میں پیلیٹ گن کا استعمال کیا گیا۔ ایمس کی رپورٹ واضح طور پر کہتی ہے کہ اس کے جسم کے اندر 200 سے زیادہ چھروں کے ٹکڑے اور آنکھ میں تین ٹکڑے ہیں۔ اس آنکھ کی بینائی ختم ہو چکی ہے۔ اس کے دل کے قریب بھی چھروں کے ٹکڑے ہیں جنہیں نکالا نہیں جا سکتا۔
دہلی پولیس کہتی ہے کہ انہوں نے پیلیٹ گن نہیں چلائی۔ تو صرف ایک سوال ہے: یہ کس نے کیا؟ جرم تو ہوا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’ہم مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایف آئی آر درج کی جائے۔ ہمیں بتایا گیا کہ انہیں اوپر سے حکم ملا ہے اور وہ ایف آئی آر درج نہیں کر سکتے۔ جب تک ایف آئی آر درج نہیں ہوتی، ہم یہاں سے نہیں ہٹیں گے۔ ہماری واحد مانگ اس خاندان کے لیے انصاف ہے۔ اس ملک میں امیت شاہ کی وزارت داخلہ اور دہلی پولیس کے اہلکار انصاف نہیں ہونے دیں گے۔‘‘ کانگریس کے ارکان بھی پارٹی کے مطالبے کی حمایت میں پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوئے۔
نڈا نے راہل گاندھی کے احتجاج کو ’’کیمرہ مرکوز ڈراما‘‘ قرار دیا مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے جمعہ کو راہل گاندھی کے احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ 20 جولائی کے واقعے کا پہلے ہی نوٹس لے چکی ہے اور ایک سابق جج کی سربراہی میں پانچ رکنی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دے چکی ہے۔
نڈا نے راہل گاندھی پر ’’سستی اور توجہ حاصل کرنے والی سیاست‘‘ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا، ’’آج پورا ملک ایک بار پھر پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے باہر راہل گاندھی کی سستی اور توجہ حاصل کرنے والی سیاست دیکھ رہا ہے۔ ان کا دھرنا نہ طلبہ کے لیے ہے اور نہ انصاف کے لیے، بلکہ یہ کانگریس کی سیاسی مایوسی اور راہل گاندھی کی میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کی خواہش کی علامت ہے۔‘‘ نڈا نے کہا کہ جب سپریم کورٹ معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے تو راہل گاندھی پولیس اسٹیشن کے باہر کیمروں کے سامنے بیٹھ کر کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟ انہوں نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی محض سرخیوں میں رہنے کے لیے ’’کیمرہ مرکوز ڈراما‘‘ کر رہے ہیں۔
بی جے پی رہنما نے یہ بھی الزام لگایا کہ احتجاج کا مقصد ’وندے ماترم‘ کے معاملے پر کانگریس کو درپیش تنقید سے عوام کی توجہ ہٹانا ہے۔ پیلیٹ گن سے زخمی ساحل لوچاو نے پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں کہا کہ ان کی شکایت پر اب تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا، ’’20 جولائی کو مجھ پر پیلیٹ گن چلائی گئی۔ مجھے لیڈی ہارڈنگ اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں سے ایمس ریفر کیا گیا۔ ایمس میں میری سرجری ہوئی، لیکن اب بھی میری آنکھ کی بینائی واضح نہیں ہے۔ 14 اگست کو میں نے سات صفحات پر مشتمل شکایت لکھی اور اپنے وکیل کو دی، لیکن ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔
‘‘ کانگریس رہنما جے رام رمیش نے کہا کہ پارٹی کا مطالبہ بالکل واضح ہے کہ ایف آئی آر درج کی جائے اور ایف آئی آر نمبر دیا جائے۔ سپریم کورٹ نے جمعرات کو حالیہ کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی قیادت میں ہونے والے مظاہروں کے دوران پولیس کی مبینہ زیادتیوں اور مظاہرین کی جانب سے مبینہ تشدد کی تحقیقات کے لیے ریٹائرڈ سپریم کورٹ جج جسٹس آر سبھاش ریڈی کی سربراہی میں پانچ رکنی اعلیٰ اختیاراتی ماہر کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی میں پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس روی شنکر جھا، دہلی ہائی کورٹ کی سابق جج شالندر کور، سابق سی بی آئی ڈائریکٹر رشی کمار شکلا اور میگھالیہ کے سابق ڈی جی پی ایل آر بشنوئی شامل ہیں۔
چیف جسٹس آف انڈیا سوریا کانت اور جسٹس جوی مالیا باگچی و جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ کمیٹی مظاہروں کے سلسلے میں مظاہرین اور پولیس حکام دونوں کی جانب سے اٹھائی گئی شکایات کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کو پولیس کی جانب سے ضرورت سے زیادہ طاقت کے استعمال، مظاہرین کے تشدد اور خواتین مظاہرین کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے یا ان کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات کو ترجیح دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ عدالت نے کمیٹی کو یہ جائزہ لینے کی بھی اجازت دی کہ مظاہروں کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور مظاہرین کو عبوری معاوضہ دیا جانا چاہیے یا نہیں۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ کمیٹی کی ذمہ داری صرف ایک مرتبہ کی تحقیقات تک محدود نہیں ہوگی اور اسے وقتاً فوقتاً عبوری رپورٹ پیش کرنی ہوگی۔ عدالت نے مظاہروں کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگز اور پولیس و سکیورٹی اہلکاروں کے باڈی کیمروں کی فوٹیج بھی کمیٹی کے حوالے کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ کمیٹی کی تشکیل پولیس یا دیگر سکیورٹی اداروں کو قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ یا تادیبی کارروائی کرنے سے نہیں روکے گی۔