نئی دہلی: مسابقتی امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے دہلی پولیس نے جمعہ کے روز اپنے کرائم برانچ کے تحت خصوصی ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) تشکیل دے دی، جو پرچہ لیک اور امتحانات سے متعلق دیگر جرائم کی تحقیقات کرے گی۔ یہ نیا یونٹ دہلی کے پولیس کمشنر کی منظوری سے قائم کیا گیا ہے اور پبلک ایگزامینیشنز (غیر منصفانہ ذرائع کی روک تھام) ایکٹ، 2024 کے تحت کام کرے گا۔
دہلی پولیس کے مطابق، ایس ٹی ایف کو عوامی امتحانات سے متعلق جرائم کی فوری، پیشہ ورانہ اور جامع تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس میں یونین پبلک سروس کمیشن (UPSC)، اسٹاف سلیکشن کمیشن (SSC)، ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈز (RRBs)، انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ پرسنل سلیکشن (IBPS)، نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) اور مرکزی حکومت کی مختلف وزارتوں اور محکموں کے بھرتی امتحانات شامل ہیں۔
ایس ٹی ایف کی سربراہی ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائم برانچ) کریں گے، جبکہ اس کی مجموعی نگرانی اور انتظامی کنٹرول اسپیشل کمشنر آف پولیس (کرائم برانچ) کے پاس ہوگا۔ تحقیقات کے علاوہ ایس ٹی ایف کو استغاثہ کے اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھنے کی بھی ذمہ داری دی گئی ہے، تاکہ مقدمات کی جلد سماعت ہو اور ان کا ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر آگے بڑھایا جا سکے۔ دہلی پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ یہ اقدام عوامی امتحانات کی دیانت، شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔