تمام ملزمان کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون یو اے پی اے کے تحت فرد جرم داخل کی جا چکی ہے۔
دہلی پولیس نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے میں موجود شواہد اور مواد ملزمان کے خلاف الزامات طے کرنے کے لیے کافی ہیں۔
ایڈیشنل سیشن جج سمیر باجپئی نے خصوصی سرکاری وکیل مدھوکر پانڈے کے دلائل سنے۔ ان کے ساتھ خصوصی سرکاری وکلاء انیرودھ مشرا اور اکھنڈ پرتاپ سنگھ بھی عدالت میں موجود تھے۔
دہلی پولیس کے دلائل مکمل ہونے کے بعد دیونگنا کلیتا کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ وہ مال خانے میں موجود ان دستاویزات کے معائنے کے بعد اپنے جوابی دلائل پیش کریں گے جن پر استغاثہ نے انحصار نہیں کیا ہے۔ اس سلسلے میں ان کی درخواست عدالت میں زیر سماعت ہے۔
اس پر خصوصی سرکاری وکیل نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس مرحلے پر ملزم کے وکیل کو مزید جوابی دلائل پیش کرنے کا حق حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے دیبیندر ناتھ پادھی فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جن دستاویزات پر استغاثہ نے انحصار نہیں کیا انہیں الزامات طے کرنے کے مرحلے پر زیر غور نہیں لایا جا سکتا۔
عدالت نے آئندہ سماعت 24 جولائی مقرر کی ہے۔
گزشتہ سماعت کے دوران عدالت نے دہلی پولیس کو ہدایت دی تھی کہ وہ ملزمان کے دلائل کا جواب دیتے ہوئے چارج شیٹ میں درج الزامات کے مطابق ہر ملزم کے مبینہ کردار کی وضاحت کرے۔
اس مقدمے میں دہلی پولیس نے طاہر حسین۔ عمر خالد۔ شرجیل امام۔ عبد الخالد سیفی۔ شفا الرحمن۔ میران حیدر۔ سلیم خان۔ سلیم ملک عرف منا۔ آصف اقبال تنہا۔ دیونگنا کلیتا۔ نتاشا نروال۔ فیضان خان۔ صفورا زرگر۔ عشرت جہاں۔ گلفشاں فاطمہ۔ تسلیم احمد اور اطہر خان کے خلاف یو اے پی اے کے تحت چارج شیٹ داخل کی ہے۔
19 مئی کو عدالت نے سابق جے این یو طلبہ رہنما عمر خالد کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
اسی طرح 4 جولائی کو عدالت نے عمر خالد اور شرجیل امام کی باقاعدہ ضمانت کی درخواستیں بھی خارج کر دی تھیں جبکہ 7 جولائی کو دہلی ہائی کورٹ نے اطہر خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
ادھر 13 جولائی کو کڑکڑڈوما عدالت نے انٹیلی جنس بیورو کے اہلکار انکت شرما قتل کیس میں طاہر حسین سمیت پانچ ملزمان کو قصوروار قرار دیا تھا۔