نئی دہلی
دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے پنجاب اور دہلی سے چار افراد کو گرفتار کیا ہے، جن پر الزام ہے کہ وہ پاکستان میں موجود آئی ایس آئی کے ہینڈلر شہزاد بھٹی کی ہدایت پر قومی دارالحکومت میں دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت شب دیپ سنگھ (23)، گرجنت سنگھ (22)، سجن سنگھ (28) اور گگن پریت (24) کے طور پر ہوئی ہے۔ ان میں سے تین کا تعلق پنجاب سے ہے، جبکہ ایک ملزم کو دہلی سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے غیر ملکی ساخت کے دو پستول، نو زندہ کارتوس اور پانچ موبائل فون برآمد کیے ہیں۔
خصوصی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر اے سی پی وویک کمار تیاگی کی نگرانی میں انسپکٹر ستیش رانا اور انسپکٹر اشوک کی قیادت میں ایک ٹیم نے دہلی اور پنجاب میں چھاپہ مار کارروائیاں انجام دیں۔ پہلی گرفتاری امرتسر میں ہوئی، جہاں شب دیپ سنگھ کو ایک پستول، کارتوس اور موبائل فونز کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ مزید تفتیش کے بعد اس کے ساتھیوں گرجنت سنگھ اور سجن سنگھ کو پنجاب سے گرفتار کیا گیا۔ چوتھے ملزم گگن پریت کو 24 اپریل کو دہلی سے گرفتار کیا گیا۔
تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے غیر ملکی فون نمبروں کے ذریعے پاکستان میں موجود ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھے۔ ان کے مطابق، انہیں سرحد پار سے ڈرونز کے ذریعے اسلحہ اور منشیات فراہم کی جاتی تھیں۔ ملزمان میں سے ایک، گگن پریت، نے دہلی میں پولیس تھانوں اور مذہبی مقامات کی ریکی کی تھی اور اسے فائرنگ کا واقعہ انجام دینے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
ملزم شب دیپ سنگھ عرف وشال، جو پاکستانی سرحد کے قریب ضلع ترن تارن کا رہائشی ہے، اس سے قبل منشیات کے ایک مقدمے میں گرفتار ہو چکا ہے۔ اسے ڈرونز کے ذریعے اسلحہ اور منشیات کی کھیپ موصول ہوتی تھی۔
گرجنت سنگھ عرف رشی، جو ترن تارن کا رہائشی ہے، اور اس کا کزن سجن سنگھ عرف ہنی، جو امرتسر سے تعلق رکھتا ہے، بھی ڈرونز کے ذریعے اسلحہ وصول کرنے کے نیٹ ورک میں شامل تھے۔ دونوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت پہلے سے مقدمات درج ہیں۔
فتح گڑھ صاحب کے رہائشی گگن پریت کا رابطہ سوشل میڈیا کے ذریعے ہینڈلرز سے تھا، اور اسے دہلی میں پولیس تنصیبات کی ویڈیوز بنانے کا کام سونپا گیا تھا۔اس معاملے میں ہندوستانی نیا ئے سنہتا (بی این ایس) اور آرمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسپیشل سیل اس نیٹ ورک کے مزید ارکان کی شناخت کے لیے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔