نئی دہلی
دہلی پولیس کے سائبر ساؤتھ پولیس اسٹیشن نے "ڈیجیٹل گرفتاری" کے نام پر دھوکہ دہی کرنے والے ایک منظم سائبر فراڈ گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے مغربی بنگال سے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی 7.22 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کے ایک مقدمے میں کی گئی۔
پولیس کے مطابق، ملزمان مبینہ طور پر خود کو ممبئی اینٹی ٹیررزم اسکواڈ (اے ٹی ایس)، آئی پی ایس افسران اور سی بی آئی افسران ظاہر کرکے لوگوں کو خوفزدہ کرتے تھے اور ان سے رقم بٹورتے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ اس معاملے کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک خاتون نے شکایت درج کرائی کہ دھوکہ بازوں نے انہیں 7.22 لاکھ روپے کا چونا لگایا۔ ملزمان نے خاتون کو مسلسل واٹس ایپ ویڈیو کالز پر مصروف رکھا اور جھوٹا دعویٰ کیا کہ وہ "ڈیجیٹل گرفتاری" کے تحت ہیں۔ انہوں نے مبینہ طور پر قانونی کارروائی کی دھمکی دے کر خاتون کو آر ٹی جی ایس کے ذریعے رقم منتقل کرنے پر مجبور کیا۔
شکایت موصول ہونے کے بعد، سائبر ساؤتھ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔تفتیش کے دوران پولیس نے بینک کھاتوں اور ڈیجیٹل لین دین کے ریکارڈ کا تجزیہ کیا، جس سے معلوم ہوا کہ متاثرہ خاتون سے حاصل کی گئی رقم سب سے پہلے مغربی بنگال کے ایک بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی، جس کے بعد اسے متعدد دیگر کھاتوں کے ذریعے منتقل کیا گیا۔
مزید تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ ملزمان مبینہ طور پر سائبر مجرموں کو فرضی یا "میول" بینک اکاؤنٹس، سم کارڈز اور بینکاری سے متعلق دیگر معلومات فراہم کرتے تھے، تاکہ اس قسم کی وارداتوں کو انجام دیا جا سکے۔
تکنیکی نگرانی اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر، دہلی پولیس نے مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ اور ہاوڑہ اضلاع میں چھاپے مار کر تین ملزمان، سمیرن رائے، پرنس شا اور سمر چٹرجی کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق، ملزمان کے قبضے سے چھ موبائل فون، ایک لیپ ٹاپ، 18 ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز، 15 سم کارڈز اور بینکاری سے متعلق متعدد دستاویزات برآمد کیے گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان ایک ایسے نیٹ ورک کا حصہ تھے، جو سائبر فراڈ کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم کی منتقلی اور اسے مختلف کھاتوں کے ذریعے چھپانے کے لیے "میول" بینک اکاؤنٹس کا انتظام کرتا تھا۔ ابتدائی تحقیقات سے یہ بھی اشارہ ملا ہے کہ اس نیٹ ورک کے روابط بین الاقوامی سائبر فراڈ گروہوں سے بھی ہو سکتے ہیں۔
پولیس کے مطابق، اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔