یو پی ایس سی امیدوار کا قتل،پولیس نے تین افراد کو گرفتار کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-10-2025
یو پی ایس سی امیدوار کا قتل،پولیس نے تین افراد کو گرفتار کیا
یو پی ایس سی امیدوار کا قتل،پولیس نے تین افراد کو گرفتار کیا

 



نئی دہلی : دہلی پولیس نے پیر کے روز راجدھانی میں یو پی ایس سی امیدوار کے قتل کے معاملے میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار شدہ افراد کی شناخت امرتا چوہان (عمر 21 سال)، سُمِت کشیَپ (عمر 27 سال) اور سندیپ کمار (عمر 29 سال) کے طور پر ہوئی ہے، جو تینوں اتر پردیش کے مرادآباد کے رہائشی ہیں۔شمالی ضلع کے تیمارپور تھانے کی ٹیم نے یہ کارروائی انجام دی اور مقتول کے کچھ سامان کے ساتھ ملزمان کے دو موبائل فون بھی برآمد کیے۔

شمالی ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجا بانتیا نے بتایا کہ "تین ملزمان یعنی امرتا چوہان، سُمِت کشیَپ اور سندیپ کمار، تینوں مرادآباد کے رہنے والے، کی گرفتاری کے بعد یو پی ایس سی امیدوار کے قتل کا معمہ حل ہو گیا ہے۔ مقتول کے کچھ ذاتی سامان اور ملزمان کے موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔"

پولیس کے مطابق 6 اکتوبر کو اطلاع ملی کہ دہلی کے گاندھی وہار کے مکان نمبر E-60 کی چوتھی منزل پر آگ لگی ہے۔ مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پایا۔

جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے پر کرائم ٹیم اور ایف ایس ایل ماہرین کو ایک جلی ہوئی لاش ملی، جسے ہندو راو اسپتال کے مردہ خانے منتقل کیا گیا۔ بعد میں اس کی شناخت 32 سالہ رام کیش مینا کے طور پر ہوئی جو اسی عمارت میں رہتا تھا۔ پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے جائزے میں پتہ چلا کہ 5 اور 6 اکتوبر کی درمیانی رات دو نقاب پوش افراد گاندھی وہار کے اسی مکان میں داخل ہوئے۔ 39 منٹ بعد ایک شخص عمارت سے باہر آتا دکھائی دیا۔ رات 2 بج کر 57 منٹ پر ایک لڑکی اور ایک شخص عمارت سے نکلتے نظر آئے۔ بعد میں لڑکی کی شناخت امرتا چوہان کے طور پر ہوئی جو مرادآباد کی پیٹل نگری علاقے کی رہنے والی ہے۔ انہی کے جانے کے فوراً بعد آگ کا واقعہ پیش آیا۔ مقتول کے اہلِ خانہ نے بھی واقعے پر شبہ ظاہر کیا۔

مزید تفتیش کے دوران امرتا کا موبائل نمبر حاصل کر کے اس کا لوکیشن ڈیٹا دیکھا گیا جس سے پتہ چلا کہ واقعے کے وقت اس کا موبائل گاندھی وہار کے ای بلاک کے قریب موجود تھا۔ اس بنیاد پر شبہ مزید گہرا ہوا۔

کئی چھاپوں کے بعد پولیس نے 18 اکتوبر کو امرتا چوہان کو مرادآباد سے گرفتار کیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے جرم قبول کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنے سابق عاشق سُمِت کشیَپ اور ساتھی سندیپ کمار کے ساتھ مل کر یہ قتل کیا۔ اس کا کہنا تھا کہ مقتول کے پاس ایک ہارڈ ڈسک تھی جس میں اس کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر تھیں۔

امرتا کی نشاندہی پر پولیس نے وہ ہارڈ ڈسک، ایک ٹرالی بیگ اور مقتول کی قمیض برآمد کی۔ سُمِت کشیَپ کو 21 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا اور اس کا موبائل فون بھی ضبط کیا گیا جو جرم کے دوران استعمال ہوا تھا۔ سندیپ کمار کو 23 اکتوبر کو پکڑا گیا۔

تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ امرتا اور مقتول مئی 2025 سے لِو اِن رشتہ میں تھے۔ جب امرتا کو معلوم ہوا کہ مینا نے اس کی نازیبا ویڈیوز ریکارڈ کر رکھی ہیں اور انہیں مٹانے سے انکار کر رہا ہے تو اس نے یہ بات اپنے سابق دوست سُمِت کشیَپ سے کہی۔ دونوں نے مل کر سندیپ کے ساتھ سازش رچی کہ مینا کو ایسے مارا جائے کہ واقعہ آگ لگنے کا حادثہ معلوم ہو۔

5 اور 6 اکتوبر کی درمیانی رات تینوں نے مبینہ طور پر مینا کو پہلے گلا گھونٹ کر مارا اور پھر تیل، گھی اور شراب اس کے جسم پر ڈال کر آگ لگا دی تاکہ واقعہ حادثہ لگے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش ابھی جاری ہے۔