نئی دہلی 5 ستمبر (اے این آئی): دہلی پولیس نے جمعرات کو ایک 31 سالہ نجی ایئرلائن کے پائلٹ کو ایک خاتون کی خفیہ کیمرے سے قابلِ اعتراض ویڈیوز بنانے کے الزام میں گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق یہ گرفتاری ساؤتھ ویسٹ ڈسٹرکٹ کے پی ایس کشنگڑھ کے عملے نے کی۔ ملزم کی شناخت موہت پر یادرشی کے طور پر ہوئی ہے، جو اتر پردیش کے آگرہ کے سول لائنز علاقے کا رہائشی ہے۔پولیس نے اس کے قبضے سے ایک لائٹر نما آلہ برآمد کیا جس میں خفیہ کیمرہ نصب تھا۔
واقعہ مبینہ طور پر شنی بازار میں پیش آیا، جہاں ملزم نے شکایت کنندہ خاتون کو اس کی اجازت کے بغیر خفیہ کیمرے سے ریکارڈ کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف بھارتیا نیایہ سنہیتا(BNS) کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق30 اگست کی رات کشنگڑھ گاؤں کی رہائشی محترمہK نے دیکھا کہ شنی بازار میں ملزم ان کی رضامندی کے بغیر ریکارڈنگ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس پر پی ایس کشنگڑھ میں بی این ایس کی دفعات 77/78 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔"تحقیقات کے دوران علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی گئی اور مشتبہ شخص کی تصویر گردش میں لائی گئی۔ مقامی انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔ سخت پوچھ گچھ پر اس نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔
پولیس نے مزید کہاکہ ملزم پریادرشی غیر شادی شدہ ہے اور ایک نجی ایئرلائن میں پائلٹ کے طور پر ملازم ہے۔ اس نے اعتراف کیا کہ وہ ذاتی تسکین کے لیے اس طرح کی ویڈیوز بناتا رہا ہے۔"تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔