نئی دہلی / آواز دی وائس
نئی دہلی میں پولیس نے ایک بڑے جاسوسی نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے قومی دارالحکومت کے علاقے سیماپوری سے ایک اہم مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت عادل حسینی (59) کے طور پر ہوئی ہے، جو سید عادل حسین، محمد عادل حسینی، اور نسیم الدین کے ناموں سے بھی جانا جاتا ہے۔ وہ جھارکھنڈ کے جمشیدپور کے رہائشی ہیں اور انہیں سیماپوری سے حراست میں لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عادل حسینی اپنے بھائی اختر حسینی کے ساتھ مل کر غیر ممالک کو حساس معلومات فراہم کرنے اور جعلی دستاویزات کے ذریعے متعدد ہندوستانی پاسپورٹ حاصل کرنے میں ملوث رہے ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضے سے ایک اصلی اور دو جعلی پاسپورٹ برآمد کیے ہیں۔ عدالت سے ملزم کے لیے سات دن کی پولیس تحویل حاصل کر لی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے پاس جعلی پاسپورٹ تھا اور وہ متعدد ممالک کا سفر کر چکا ہے، جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق عادل حسینی، جو ایک ہندوستانی شہری ہیں، حالیہ دنوں میں کئی غیر ملکی دورے کر چکے تھے۔ ان کے بار بار حساس مقامات کے سفر اور جعلی دستاویزات کے استعمال نے ان کی سرگرمیوں پر شک پیدا کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ مبینہ طور پر قومی سلامتی سے متعلق حساس معلومات اکٹھی کرنے کی کوشش میں تھے۔ ان کی سرگرمیوں اور روابط کی تفصیلی جانچ کی جا رہی ہے۔ افسران نے بتایا کہ انٹیلی جنس بیورو اور دیگر مرکزی ایجنسیاں بھی اس معاملے میں شامل ہو گئی ہیں اور ملزم سے مشترکہ طور پر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ اس کے بیرونی روابط اور غیر ملکی دوروں کے مقاصد کی تصدیق کی جا سکے۔
مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ملزم کسی غیر ملکی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کر رہا تھا یا اسے بیرونِ ملک سے کسی قسم کی مدد حاصل تھی۔