نئی دہلی
دہلی شراب پالیسی معاملے میں دہلی ہائی کورٹ میں پیر (9 مارچ 2026) کو سماعت ہوئی۔ عدالت نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے حوالہ (ہنڈی) زاویے سے جڑے معاملے میں فی الحال مزید سماعت نہیں ہوگی جب تک ہائی کورٹ میں جاری کارروائی مکمل نہیں ہو جاتی۔
ہائی کورٹ میں سماعت مکمل ہونے تک ای ڈی سے متعلق مقدمے میں اروند کیجریوال، منیش سسودیا سمیت کل 23 ملزمان کی بریت فی الحال مؤثر نہیں مانی جائے گی۔ عدالت نے تمام بری قرار دیے گئے ملزمان کو نوٹس جاری کیا ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 16 مارچ کو مقرر کی گئی ہے۔
عدالت نے اس کیس میں نچلی عدالت کی جانب سے بری کیے گئے تمام ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے۔ ساتھ ہی عدالت نے راؤز ایونیو کورٹ کے اس حکم کے ایک حصے پر روک لگانے کی بات کہی ہے جس میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے تفتیشی افسر کے خلاف محکمانہ تحقیقات کی سفارش کی گئی تھی۔ ہائی کورٹ نے یہ بھی تبصرہ کیا کہ نچلی عدالت کے کچھ مشاہدات حقائق کے لحاظ سے درست نہیں تھے۔
تاہم عدالت نے فی الحال نچلی عدالت کے اس حکم پر مکمل روک نہیں لگائی جس میں کیجریوال، سسودیا سمیت 23 ملزمان کو بری کیا گیا تھا۔ اس طرح اس مرحلے پر سی بی آئی کو فوری راحت نہیں ملی۔
ہائی کورٹ نے کہا کہ وہ نچلی عدالت کو ہدایت دے گی کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات پر کارروائی کو اگلی تاریخ تک ملتوی رکھا جائے۔ سالیسیٹر جنرل توشار مہتا کی درخواست پر ہائی کورٹ نے یہ بھی اشارہ دیا کہ وہ سی بی آئی افسران کے بارے میں ماتحت عدالت کی “جانبدارانہ ریمارکس” کے نفاذ پر روک لگائے گی۔ مہتا نے عدالت سے درخواست کی کہ سی بی آئی کی عرضی پر سماعت کے لیے وقت مقرر کر کے حتمی فیصلہ کیا جائے۔مہتا نے دلیل دی کہ ایکسائز پالیسی معاملے میں کیجریوال اور سسودیا کو بری کرنے کا نچلی عدالت کا حکم نامناسب تھا اور یہ “فوجداری قانون کو ہی الٹ دیتا ہے۔
شراب پالیسی معاملہ بڑے گھوٹالوں میں سے ایک
انہوں نے الزام لگایا کہ شراب پالیسی کا معاملہ سب سے بڑے گھوٹالوں میں سے ایک تھا اور یہ بدعنوانی کی واضح مثال ہے۔ مہتا نے دعویٰ کیا کہ نچلی عدالت نے کیجریوال، سسودیا اور دیگر کے حق میں بغیر مکمل سماعت کے بری کرنے کا حکم سنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایجنسی نے شراب پالیسی میں ہیرا پھیری کے لیے سازش اور رشوت خوری سے متعلق تفصیلی شواہد جمع کیے ہیں۔ ان کے مطابق کیجریوال، سسودیا اور دیگر ملزمان کے خلاف فردِ جرم عائد کرنے کے لیے کافی ثبوت موجود ہیں اور سی بی آئی کے مؤقف کے حق میں کئی گواہ بھی ہیں۔
نچلی عدالت نے 27 فروری کو کیجریوال، سسودیا اور 21 دیگر افراد کو بری کر دیا تھا اور سی بی آئی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا مقدمہ عدالتی جانچ میں مکمل طور پر ناکام رہا اور بے بنیاد ثابت ہوا۔اس معاملے میں جن 21 افراد کو کلین چٹ دی گئی ہے، ان میں تلنگانہ جاگرتی کی صدر کے. کویتا بھی شامل ہیں۔ سی بی آئی عام آدمی پارٹی کی سابق حکومت کی اس شراب پالیسی کے قیام اور نفاذ میں مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کر رہی ہے جسے بعد میں منسوخ کر دیا گیا تھا۔
ہائی کورٹ کے فیصلے پر ‘آپ’ کا بیان
دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے پر سنجے سنگھ نے کہا، “سب سے پہلے تو سی بی آئی کو کوئی اسٹے نہیں ملا ہے، جو ان کے لیے ایک جھٹکا ہے۔ دوسرا، ہم اپنے وکلا سے تمام معلومات حاصل کرنے کے بعد باضابطہ طور پر اپنا مؤقف پیش کریں گے۔ سی بی آئی کو کوئی اسٹے نہیں ملا ہے۔ سی بی آئی کورٹ کا فیصلہ ابھی بھی برقرار ہے اور اس پر کوئی روک نہیں لگائی گئی ہے۔
دہلی ہائی کورٹ میں سی بی آئی کی تحریری دلائل
دہلی ہائی کورٹ میں سی بی آئی کی جانب سے سالیسیٹر جنرل توشار مہتا نے جسٹس سورنکانتا شرما کی بنچ کے سامنے تحریری دلائل پیش کیے۔ سی بی آئی نے نچلی عدالت کے حکم کو قانونی اور حقائق کے لحاظ سے غلط قرار دیا۔ اہم نکات یہ ہیں
سی بی آئی کے مطابق ٹرائل کورٹ نے 27 فروری 2026 کے اپنے حکم میں 23 ملزمان کو بری کر دیا، جبکہ تحقیقات میں سنگین مجرمانہ سازش اور بدعنوانی کے کافی شواہد سامنے آئے ہیں۔
تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق دہلی حکومت کی 2021-22 کی ایکسائز پالیسی کی تیاری اور نفاذ کے دوران بے ضابطگیاں اور بدعنوانی ہوئی۔
الزام ہے کہ پالیسی میں ایسی تبدیلیاں کی گئیں جن سے کچھ نجی کاروباریوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔
سی بی آئی کا دعویٰ ہے کہ پالیسی میں ترمیم کر کے شراب کے تھوک تاجروں کے لیے 12 فیصد منافع مقرر کیا گیا تھا اور اس میں سے تقریباً 6 فیصد رشوت کے طور پر دینے کا انتظام تھا۔
ایجنسی کے مطابق تقریباً 90 سے 100 کروڑ روپے رشوت کے طور پر طے کیے گئے تھے۔
الزام ہے کہ ان میں سے تقریباً 44.54 کروڑ روپے عام آدمی پارٹی کے گوا اسمبلی انتخابات کی مہم میں استعمال کیے گئے۔