نئی دہلی:دہلی کے معروف کالکا جی مندر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ’چنی پرساد‘کے تنازع پر ایک سیوادار، یوگندر سنگھ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق، 35 سالہ یوگندر سنگھ، اترپردیش کے ہردوئی ضلع سے تعلق رکھتے تھے اور گزشتہ 14 سے 15 برسوں سے کالکا جی مندر میں خدمتانجام دے رہے تھے۔
پولیس کو رات 9:30 بجےایک پی سی آر کال موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس فوراً موقع پر پہنچی۔ تحقیقات کے دوران یہ معلوم ہوا کہ ملزمان درشن کے لیے مندر آئے تھے اور یوگندر سنگھ سے ’چنی پرساد‘طلب کیا۔ اسی دوران دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو جلد ہی پُرتشدد جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔
ملزمان نے یوگندر سنگھ پر ڈنڈوں اور مکوں سے حملہ کیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔
زخمی سیوادار کو فوری طور پر ایمس ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے دوران انہوں نے دم توڑ دیا۔پولیس کے مطابق، ایک ملزم اتل پانڈے (عمر 30 سال، ساکن دکشن پوری) کو موقع پر ہی مقامی افراد نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔واقعے کا مقدمہ BNS کی دفعات 103(1)/3(5)کے تحت درج کر لیا گیا ہے اور پولیس دیگر ملزمان کی شناخت کر کے گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
پولیس کے ایک سینئر افسر کے مطابق کہ باقی ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ معاملے کی گہرائی سے تفتیش جاری ہے۔یہ دل دہلا دینے والا واقعہ نہ صرف مذہبی مقامات پر سیکیورٹی کے حوالے سے تشویش پیدا کرتا ہے، بلکہ خدمت گزار افراد کی سلامتی پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے۔