نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے پیر کو کشمیری علیحدگی پسند رہنما اور کالعدم تنظیم دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی دو ساتھیوں کی جانب سے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام قانون (یو اے پی اے) کے تحت سنائی گئی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) سے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس پرتھیبا ایم سنگھ اور جسٹس وکاس مہاجن پر مشتمل ڈویژن بنچ نے آسیہ اندرابی کی عمر قید کے خلاف اپیل پر این آئی اے کو نوٹس جاری کیا۔ عدالت نے ان کی شریک ملزمان صوفی فہمیدہ اور ناہدہ نسرین کی اپیلوں پر بھی این آئی اے سے جواب مانگا۔ دونوں کو ٹرائل کورٹ نے 30 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ہائی کورٹ نے سزا معطل کرنے کی درخواستوں پر بھی این آئی اے کو نوٹس جاری کیا تاکہ اپیلوں کے فیصلے تک ان پر غور کیا جا سکے۔
عدالت نے اپیل دائر کرنے میں تاخیر کو معاف کرتے ہوئے کہا کہ اپیل گزاروں کے قریبی اہل خانہ جموں و کشمیر میں مقیم ہیں اور مقررہ مدت کے اندر اپیل دائر کرنے کے لیے مناسب سہولتیں دستیاب نہیں تھیں۔عدالت نے ٹرائل کورٹ کا ریکارڈ طلب کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ مقدمے سے متعلق تمام الیکٹرانک شواہد کو الگ سے محفوظ رکھا جائے۔ ساتھ ہی اپیل گزاروں کو اپنی سابقہ تفصیلات سے متعلق حلف نامے جمع کرانے کا بھی حکم دیا گیا۔
اس معاملے کی آئندہ سماعت اکتوبر میں ہوگی۔ یہ اپیلیں 14 جنوری 2026 کے اس فیصلے کے خلاف دائر کی گئی ہیں جس میں آسیہ اندرابی صوفی فہمیدہ اور ناہدہ نسرین کو این آئی اے کی تحقیقات والے مقدمے میں قصوروار قرار دیا گیا تھا۔استغاثہ کے مطابق وزارت داخلہ کی ہدایت پر این آئی اے نے تحقیقات شروع کی تھیں۔ الزام ہے کہ کالعدم تنظیم دختران ملت کے ارکان آن لائن پلیٹ فارم اور عوامی اجتماعات کے ذریعے جموں و کشمیر کی علیحدگی کی حمایت عسکریت پسندی کی حوصلہ افزائی اور ہند مخالف پروپیگنڈا کر رہے تھے۔24 مارچ کو این آئی اے کی خصوصی عدالت نے آسیہ اندرابی کو عمر قید جبکہ صوفی فہمیدہ اور ناہدہ نسرین کو 30 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
این آئی اے کے مطابق آسیہ اندرابی پر دہشت گردانہ سازش حکومت ہند کے خلاف جنگ چھیڑنے مجرمانہ سازش فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے اور بغاوت سے متعلق تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے علاوہ یو اے پی اے کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ انہیں 2018 میں گرفتار کیا گیا تھا۔اضافی سیشن جج چندر جیت سنگھ نے 14 جنوری 2026 کو تینوں ملزمان کو مجرم قرار دیا تھا۔ مقدمے کی سماعت پٹیالہ ہاؤس عدالت میں ہوئی تھی تاہم جج کے تبادلے کے بعد سزا کا فیصلہ کڑکڑڈوما عدالت میں سنایا گیا تھا۔این آئی اے کی چارج شیٹ کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر ٹوئٹر فیس بک یوٹیوب اور بعض پاکستانی ٹی وی چینلوں کے ذریعے ایسی تقاریر اور پیغامات نشر کیے جنہیں ایجنسی نے علیحدگی پسند اور ہند مخالف بیانیے کو فروغ دینے والا قرار دیا۔