راجپال یادو معاملے پر دہلی ہائی کورٹ کا تبصرہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-02-2026
راجپال یادو معاملے پر دہلی ہائی کورٹ کا تبصرہ
راجپال یادو معاملے پر دہلی ہائی کورٹ کا تبصرہ

 



نئی دہلی
بالی وُڈ اداکار راجپال یادو چیک باؤنس کیس میں تہاڑ جیل میں بند ہیں، اور آج جمعرات کو دہلی ہائی کورٹ نے اس معاملے کی سماعت کی۔ اداکار کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے انہیں سخت سرزنش کی۔ جسٹس سُورن کانتا شرما نے جمعرات کو اداکار کی ضمانت کی درخواست پر کارروائی شروع کی اور کہا کہ اداکار نے بارہا عدالت کو یقین دلایا تھا کہ وہ بقایا رقم ادا کر دیں گے، لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔
جج نے مزید کہا کہ کم از کم دو درجن مواقع پر راجپال یادو نے شکایت کنندہ کو ادائیگی کرنے کا وعدہ کیا تھا، اس کے باوجود رقم جمع نہیں کرائی گئی۔ جسٹس شرما نے کہا كہ آپ جیل اس لیے گئے ہیں کیونکہ آپ نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔
عدالت نے یہ بھی بتایا کہ اداکار کے وکیل نے پہلے بینچ کے سامنے کہا تھا کہ ادائیگی شکایت کنندہ کو کی جائے گی، تاہم اب دفاعی فریق یہ کہہ رہا ہے کہ رقم عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔ اس پر جسٹس شرما نے اداکار کے وکیل سے کہا کہ وہ پہلے اپنا مؤقف واضح کریں۔
اب اس معاملے کی اگلی سماعت میں عدالت ضمانت کی درخواست پر دوبارہ غور کرے گی۔ واضح رہے کہ اداکار نے اپنے خاندان میں شادی کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔
۔2010 سے شروع ہوئیں مشکلات
راجپال یادو کی قانونی پریشانیاں سال 2010 میں شروع ہوئیں، جب انہوں نے اپنی پہلی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘اتا پتا لاپتا’ کے لیے 5 کروڑ روپے کا قرض لیا تھا۔ فلم باکس آفس پر ناکام رہی، جس کے بعد انہیں مالی بحران کا سامنا کرنا پڑا۔ وقت کے ساتھ بقایا رقم بڑھ کر تقریباً 9 کروڑ روپے ہو گئی۔
اپریل 2018 میں، ایک مجسٹریٹ عدالت نے راجپال یادو اور ان کی اہلیہ رادھا یادو کو چیک باؤنس کے معاملات میں نیگوشی ایبل انسٹرومنٹس ایکٹ کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے چھ ماہ قید کی سزا سنائی۔ جون 2024 میں، دہلی ہائی کورٹ نے ان کی سزا پر عارضی طور پر روک لگا دی تھی، بشرطیکہ وہ شکایت کنندہ کمپنی مرلی پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ باہمی رضامندی سے تصفیہ کرنے کے لیے ایماندارانہ اور سنجیدہ اقدامات کریں۔
تاہم، رواں ماہ کے آغاز میں عدالت نے خودسپردگی (سرنڈر) کی آخری تاریخ میں توسیع سے انکار کر دیا، کیونکہ یہ مشاہدہ کیا گیا کہ راجپال یادو نے بقایا رقم ادا کرنے کے وعدے بار بار توڑے ہیں۔ عدالت نے انہیں 4 فروری کو شام 4 بجے تک خودسپردگی کرنے کی ہدایت دی تھی۔