نئی دہلی
ریپر بادشاہ کے گانے ‘ٹٹیری’ اور نورا فتیحی و سنجے دت کے گانے ‘سرکے چنر تیری’ کے بعد اب ہنی سنگھ اور بادشاہ کے 26 سال پرانے گانے ‘والیوم 1’ پر دہلی ہائی کورٹ نے سخت تبصرہ کیا ہے۔ عدالت نے اس گانے کو تمام سوشل میڈیا اور میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارمز سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ اس گانے کو دیکھ کر عدالت کی ضمیر کو جھٹکا لگتا ہے۔ یہ گانا نہایت فحش، توہین آمیز اور خواتین کے خلاف انتہائی نازیبا ہے۔ عدالت کے مطابق کوئی بھی مہذب معاشرہ ایسی مواد کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر موجود رہنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔
یہ گانا سال 2000 میں ریلیز ہوا تھا اور اُس وقت بھی تنازع کا شکار رہا تھا۔ اس دوران بادشاہ نے وضاحت دی تھی کہ انہوں نے اس کے بول نہیں لکھے، جس کے بعد ہنی سنگھ نے ایک تقریب میں اعتراف کیا کہ گانے کے بول انہوں نے ہی تحریر کیے تھے۔ ‘والیوم 1’ ہنی سنگھ نے ہپ ہاپ گروپ ‘مافیا منڈیر’ کے ابتدائی دور میں گایا تھا، جس میں ان کے علاوہ رفتار، منی اوجلا، لِل گولو اور ڈی اسٹار شامل تھے۔ بعد میں یہ گروپ ٹوٹ گیا اور تمام فنکاروں نے الگ الگ گانے جاری کیے۔
ہنی سنگھ اس سے پہلے بھی کئی تنازعات میں گھر چکے ہیں۔ دہلی میں ایک کنسرٹ کے دوران ان کے بیانات پر شدید تنقید ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے معافی مانگی۔ اس کے علاوہ ان کے کئی گانے جیسے ‘مینئیک’ اور ‘میں ہوں وومنائزر’ بھی تنازع کا شکار رہے ہیں۔
دوسری جانب، بادشاہ کا گانا ‘ٹٹیری’ بھی حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا گیا ہے کیونکہ اس میں خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے تھے۔ اس معاملے میں ہریانہ خواتین کمیشن اور قومی خواتین کمیشن نے بادشاہ کو سمن بھیجا، تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔ بعد میں انہوں نے اس گانے پر عوامی طور پر معافی بھی مانگی۔