پارلیمنٹ مارچ : مبینہ پولیس زیادتی، دہلی ہائی کورٹ میں عرضی پر کل سماعت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 21-07-2026
پارلیمنٹ مارچ : مبینہ پولیس زیادتی، دہلی ہائی کورٹ میں عرضی پر کل سماعت
پارلیمنٹ مارچ : مبینہ پولیس زیادتی، دہلی ہائی کورٹ میں عرضی پر کل سماعت

 



نئی دہلی:دہلی ہائی کورٹ نے پارلیمنٹ مارچ کے دوران مظاہرین پر دہلی پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر ضرورت سے زیادہ طاقت استعمال کیے جانے کے خلاف دائر مفاد عامہ کی عرضی پر بدھ کو سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔یہ معاملہ چیف جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے اور جسٹس تیجس کریا پر مشتمل ڈویژن بنچ کے سامنے فوری سماعت کے لیے پیش کیا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عرضی میں مظاہرین کے خلاف دہلی پولیس کی مبینہ زیادتی سے متعلق سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں اور اس لیے فوری سماعت ضروری ہے۔

درخواست پر غور کرتے ہوئے بنچ نے ریمارکس دیے کہ "عدالت کو ان تمام معاملات میں نہ گھسیٹیں۔" تاہم عدالت نے معاملے کو بدھ کے روز سماعت کے لیے درج کرنے کی اجازت دے دی۔عرضی میں الزام لگایا گیا ہے کہ پارلیمنٹ مارچ کے دوران مظاہرین کے خلاف پولیس کی کارروائی غیر متناسب اور حد سے زیادہ تھی۔ درخواست گزار نے عدالت سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔ عدالت بدھ کو سماعت کے دوران الزامات اور مانگی گئی راحتوں کا جائزہ لے گی۔

دریں اثنا جنتر منتر پر جاری احتجاج سے متعلق ایک دوسری مفاد عامہ کی عرضی بھی دہلی ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ یہ عرضی مارکسی کمیونسٹ پارٹی کی رہنما ایشے گھوش نے دائر کی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ دہلی پولیس نے احتجاجی مقام پر ویڈیو گرافی کے ذریعے مظاہرین کی نگرانی کی۔اس مقدمے کی سماعت کے دوران مرکز کی جانب سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے عدالت کو بتایا کہ جنتر منتر پر ویڈیو گرافی صرف امن و امان برقرار رکھنے کے مقصد سے کی گئی تھی اور اس کا مقصد مظاہرین کی نگرانی کرنا نہیں تھا۔

یہ احتجاج سماجی کارکن سونم وانگچک اور کاکروچ جنتا پارٹی کے کارکنان کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ مظاہرین تعلیمی نظام میں اصلاحات۔ مبینہ نیٹ امتحان پرچہ لیک کی تحقیقات اور مرکزی وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ان احتجاجی مظاہروں کے سلسلے میں دہلی ہائی کورٹ میں متعدد مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں سونم وانگچک کے علاج۔ سرکاری اسپتال میں ان کے داخلے۔ احتجاجی مقام پر مبینہ نگرانی اور دہلی پولیس کے طرز عمل سے متعلق درخواستیں شامل ہیں۔