سابق آئی اے ایس کی ایف آئی آر منسوخی کی اپیل کورٹ نے خارج کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-10-2025
سابق آئی اے ایس کی ایف آئی آر منسوخی کی اپیل کورٹ نے خارج کی
سابق آئی اے ایس کی ایف آئی آر منسوخی کی اپیل کورٹ نے خارج کی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی ہائی کورٹ نے ایک سابق آئی اے ایس افسر کی عرضی کو مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے اپنے خلاف مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) کی جانب سے درج ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کی اپیل کی تھی۔ یہ ایف آئی آر ان کے دہلی کے رجسٹرار آف کوآپریٹو سوسائٹیز کے عہدے پر فائز رہتے وقت بدعنوانی اور دھوکہ دہی کے معاملے میں درج کی گئی تھی۔
سی بی آئی نے یہ ایف آئی آر دسمبر 2006 میں درج کی تھی۔ یہ معاملہ نیول ٹیکنیکل آفیسرز کوآپریٹو گروپ ہاؤسنگ سوسائٹی کے ممبران کی فہرست کو منجمد کرنے اور انہیں سوسائٹی سے نکالنے کے الزامات سے متعلق ہے، جو رجسٹرار آف کوآپریٹو سوسائٹیز (آر سی ایس) میں رجسٹرڈ تھی۔
جسٹس نینا بانسل کرشنا نے گوپال دیکشت کی جانب سے دائر ریویژن پٹیشن کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے آرڈر آن چارج میں کوئی غیر قانونی یا غیر معمولی بات نہیں ہے۔
جسٹس کرشنا نے اپنے فیصلے میں کہا کہ استغاثہ کی جانب سے پیش کردہ مواد، گواہوں کے بیانات، آر سی ایس کے دفتر کی فائلوں میں نوٹنگ اور لیفٹیننٹ کمانڈر حکم سنگھ کی شکایت اس بات کے لیے کافی ہیں کہ ایک ابتدائی کیس بنتا ہے اور درخواست گزار کے خلاف سنگین شبہ پیدا ہوتا ہے۔
ہائی کورٹ نے کہا کہ درخواست گزار کی جانب سے اٹھائے گئے دفاعی نکات حقائق کے متنازعہ سوالات ہیں جو ٹرائل کا حصہ ہیں اور ابتدائی مرحلے پر ان کو بنیاد بنا کر کارروائی کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔
درخواست گزار گوپال دیکشت نے 2013 میں سی بی آئی کورٹ کے چارج آرڈر کو چیلنج کیا تھا، جس میں ان پر تعزیرات ہند کی دفعات 120بی، 420، 468، 471 اور انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 کی دفعات 13(1) اور 13(2) کے تحت الزام عائد کیا گیا تھا۔
الزام ہے کہ جب وہ 9 جولائی 1997 سے 11 جولائی 1999 تک دہلی کے رجسٹرار آف کوآپریٹو سوسائٹیز (آر سی ایس) کے عہدے پر تھے تو انہوں نے نیول ٹیکنیکل آفیسرز کوآپریٹو گروپ ہاؤسنگ سوسائٹی کے اراکین کی فریز لسٹ کو غیر قانونی طور پر منظور کیا اور کئی اراکین کو برخاست کرنے کا حکم دیا، جو دہلی کوآپریٹو سوسائٹی ایکٹ 1972 اور دہلی کوآپریٹو سوسائٹی رولز 1973 کی خلاف ورزی تھی۔
ابتدائی انکوائری کے بعد 29 دسمبر 2006 کو ایف آئی آر درج کی گئی۔ درخواست گزار نے 2009 میں ایک درخواست دائر کی تھی کہ ان کے خلاف کارروائی کے لیے اجازت نامہ نہیں لیا گیا، لیکن بعد میں انہوں نے اس پر اصرار نہ کرتے ہوئے اسے بحث کے وقت اٹھانے کی آزادی مانگی تھی۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ متعلقہ دستاویزات ان کے ماتحت افسران جیسے انسپکٹر، ڈیلنگ اسسٹنٹ، اسسٹنٹ رجسٹرار، ڈپٹی رجسٹرار اور جوائنٹ رجسٹرار نے جانچنے کے بعد ان کے پاس آئے تھے، اس لیے ان کے پاس ان پر شبہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔
اس کے برخلاف، استغاثہ کا مؤقف ہے کہ درخواست گزار نے نیک نیتی کے ساتھ کام نہیں کیا بلکہ وہ سازش کا حصہ تھے جس کا مقصد اصلی ممبران کو نکال کر ایک جعلی فہرست کو منظور کرانا تھا۔
ہائی کورٹ نے کہا کہ ایک جان بوجھ کر بدلی ہوئی فہرست کو منظور کرنے کا عمل، جس سے اراکین کو غیر قانونی طور پر نکالا گیا، سازش کے الزام کی بنیاد ہے۔ یہ حالات اجتماعی طور پر یہ شبہ پیدا کرنے کے لیے کافی ہیں کہ درخواست گزار دیگر شریک ملزمان کے ساتھ ملے ہوئے تھے