لینڈ فار جاب کیس: دہلی ہائی کورٹ نے لالو یادو کی عرضی کو مسترد کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-03-2026
لینڈ فار جاب کیس: دہلی ہائی کورٹ نے  لالو یادو کی عرضی کو مسترد کیا
لینڈ فار جاب کیس: دہلی ہائی کورٹ نے لالو یادو کی عرضی کو مسترد کیا

 



نئی دہلی
دہلی ہائی کورٹ نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ اور سابق وزیر ریلوے لالو پرساد یادو کی اُس درخواست کو خارج کر دیا ہے، جس میں انہوں نے مبینہ زمین کے بدلے نوکری (لینڈ فار جابز) معاملے میں سی بی آئی کی ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کی اپیل کی تھی۔ عدالت نے کہا کہ درخواست میں کوئی وزن نہیں ہے۔ جسٹس رویندر   کی بنچ نے یہ حکم جاری کیا۔
درخواست میں 2022 میں درج ایف آئی آر کے ساتھ ساتھ 2022، 2023 اور 2024 میں دائر تین چارج شیٹس اور ان احکامات کو بھی چیلنج کیا گیا تھا جن کے تحت مقدمے کا نوٹس لیا گیا تھا۔
لالو پرساد یادو نے دلیل دی کہ یہ تمام کارروائی قانونی طور پر غلط ہے کیونکہ بدعنوانی روک تھام ایکٹ کی دفعہ 17اے  کے تحت پیشگی منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ان کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے سینئر وکیل کپل سبل  نے کہا کہ مبینہ اقدامات اس وقت کیے گئے جب یادو وزیر ریلوے تھے، اس لیے یہ ان کے سرکاری فرائض کے دائرے میں آتے ہیں، اور ایسی صورت میں کسی بھی جانچ یا تفتیش سے پہلے پیشگی منظوری لازمی ہوتی ہے۔
دوسری جانب سی بی آئی کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو  نے اس دلیل کی مخالفت کی اور کہا کہ اس معاملے میں ایسی کسی منظوری کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقرریوں سے متعلق فیصلے جنرل منیجرز نے کیے تھے، نہ کہ وزیر نے براہ راست، اس لیے دفعہ 17 اے  کا اطلاق نہیں ہوتا۔عدالت نے اس سے قبل دونوں فریقین کے تفصیلی دلائل سنے تھے اور تحریری دلائل داخل کرنے کے لیے وقت بھی دیا تھا، جس کے بعد فیصلہ سنایا گیا۔
یہ معاملہ 2004 سے 2009 کے درمیان یادو کے دورِ وزارت کے دوران مدھیہ پردیش کے جبل پور میں واقع ہندوستانی ریلوے کے ویسٹ سینٹرل زون میں گروپ ڈی عہدوں پر مبینہ بے ضابطہ تقرریوں سے متعلق ہے۔ سی بی آئی کے مطابق نوکریاں زمین کے بدلے دی گئیں، جو یادو کے اہل خانہ یا قریبی افراد کے نام منتقل کی گئی تھیں۔یہ ایف آئی آر 18 مئی 2022 کو یادو اور دیگر افراد کے خلاف درج کی گئی تھی، جن میں ان کی اہلیہ، دو بیٹیاں، نامعلوم سرکاری افسران اور نجی افراد شامل ہیں۔
اپنی درخواست میں یادو نے تاخیر کا مسئلہ بھی اٹھایا اور کہا کہ ایف آئی آر مبینہ واقعات کے تقریباً 14 سال بعد درج کی گئی، حالانکہ اس سے قبل تحقیقات بند کر دی گئی تھیں اور اس کی رپورٹ مجاز عدالت میں جمع کرا دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پرانی کلوزر رپورٹ ظاہر کیے بغیر کیس دوبارہ کھولنا قانونی عمل کا غلط استعمال ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ تفتیش سیاسی محرکات کے تحت کی جا رہی ہے اور یہ منصفانہ تفتیش کے ان کے حق کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ دفعہ 17اے  کے تحت لازمی منظوری کے بغیر تحقیقات کا آغاز ہی غیر قانونی ہے۔تاہم ہائی کورٹ نے ان تمام دلائل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ درخواست میں کوئی ٹھوس بنیاد نہیں ہے اور کیس میں تفتیش اور عدالتی کارروائی جاری رہے گی۔