نئی دہلی
دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کے روز ایک عوامی مفاد کی عرضی پر نوٹس جاری کیا۔ اس عرضی میں الزام لگایا گیا ہے کہ گوگل ایپل اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور پر موجود کئی موبائل ایپس کا استعمال فحش اور پورنوگرافک مواد پھیلانے اور دیگر مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
جسٹس دیویندر کمار اُپادھیائے اور جسٹس تیجس کاریا پر مشتمل ڈویژن بینچ نے گوگل ایل ایل سی ، ایپل آئی این سی . اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ مناسب کارروائی کریں اور جولائی میں ہونے والی اگلی سماعت سے پہلے “ایکشن ٹیکن رپورٹ” عدالت میں پیش کریں۔عدالت نے کہا کہ ایپ اسٹور چلانے والے انٹرمیڈیریز پر “انفارمیشن ٹیکنالوجی (انٹرمیڈیریز کے لیے رہنما خطوط اور ڈیجیٹل میڈیا ضابطۂ اخلاق) رولز 2021” کے تحت ایک اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ ایسے پلیٹ فارمز کو صرف شکایات موصول ہونے کے بعد ہی نہیں بلکہ اپنی ایپ اسٹور پر کسی بھی ایپ کو اپ لوڈ کرنے کی اجازت دیتے وقت بھی مکمل احتیاط برتنی چاہیے۔
بینچ نے مزید ہدایت دی کہ موبائل ایپس کے ذریعے مبینہ طور پر پھیلائے جانے والے قابلِ اعتراض مواد کو فوری طور پر روکا جائے اور آئی ٹی رولز 2021 پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
یہ عوامی مفاد کی عرضی روبیکا تھاپا نامی ایک باشعور شہری کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ عرضی میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر موجود کئی ایپس مبینہ طور پر فحش، غیر اخلاقی اور پورنوگرافک مواد کو فروغ دے رہی ہیں۔عرضی میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ بعض ایپس کا استعمال مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ، جسم فروشی، منشیات کے غلط استعمال، اسلحے کی غیر قانونی تجارت اور منظم جرائم، جن میں بھتہ خوری بھی شامل ہے، کے لیے کیا جا رہا ہے۔
عرضی کے مطابق کئی ایپس سوشل نیٹ ورکنگ اور لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کے بھیس میں کام کر رہی ہیں، جبکہ وہ “انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000” اور “بھارتیہ نیائے سنہتا 2023” کی دفعات کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے فحش مواد نشر کرتی ہیں۔
عرضی میں مزید کہا گیا ہے کہ ان میں سے کئی ادارے ہندوستان سے باہر واقع ہیں اور مبینہ طور پر امریکہ، ترکی، جاپان، روس اور چین جیسے ممالک میں موجود سرورز کے ذریعے کام کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ہندوستانی قوانین کا نفاذ مشکل ہو جاتا ہے۔اس میں یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ یہ پلیٹ فارمز آئی ٹی رولز 2021 کے رول 4 پر عمل کرنے میں ناکام رہے ہیں، جس کے تحت ہندوستان میں “کمپلائنس آفیسر” اور “گریوینس آفیسر” کی تقرری لازمی ہے۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ ایسی مبینہ سرگرمیاں جن میں ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے مبینہ بھتہ خوری اور بین الاقوامی ذرائع سے غیر قانونی مالی لین دین شامل ہیں عوامی نظم و نسق، قومی سلامتی اور اقتصادی استحکام کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔