نئی دہلی
دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز یو اے پی اے کے تحت درج دہشت گردی کے ایک مقدمے کے ملزم حبیب الرحمٰن عرف حبیب کو اپنی بیٹی کی شادی میں شرکت کے لیے تین دن کی حراستی پیرول (کسٹڈی پیرول) دے دی۔
حبیب الرحمٰن کی بیٹی کی شادی 31 مئی کو ممبئی میں ہے۔ وہ 2017 میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے درج ایک مقدمے میں ملزم ہیں۔جسٹس پرتھیبا ایم سنگھ اور جسٹس مدھو جین پر مشتمل ڈویژن بنچ نے حالات و واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے 30 مئی سے یکم جون 2026 تک تین روزہ حراستی پیرول منظور کی۔
عدالت نے اپنے 29 مئی کے حکم میں کہا کہ چونکہ اپیل کنندہ کی بیٹی کی شادی ہے، اس لیے عدالت 30 مئی 2026 سے یکم جون 2026 تک حراستی پیرول منظور کرتی ہے تاکہ وہ ممبئی میں اپنی بیٹی کی شادی میں شرکت کر سکے۔
عدالت نے واضح کیا کہ حبیب الرحمٰن کو اپنے گھر اور شادی کی تقریب کے مقام کے علاوہ کسی اور جگہ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔بنچ نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ دو پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں جو پوری مدت کے دوران ملزم کے ساتھ رہیں گے۔عدالت نے یہ بھی کہا کہ چونکہ یہ ملزم کی بیٹی کی شادی کا موقع ہے، اس لیے دونوں پولیس اہلکار سادہ لباس میں ہوں گے۔ حراستی پیرول کی مدت ختم ہونے کے بعد حبیب الرحمٰن کو دوبارہ دہلی واپس لایا جائے گا۔
عدالت نے نوٹ کیا کہ حبیب الرحمٰن گزشتہ تقریباً آٹھ برس سے حراست میں ہیں اور حراستی پیرول کے اخراجات برداشت کرنے کی مالی استطاعت نہیں رکھتے۔ اس لیے عدالت نے حکم دیا کہ تمام اخراجات ریاست برداشت کرے گی۔حبیب الرحمٰن کی جانب سے وکلاء عارف علی اور نشانت سنگھ پیش ہوئے، جبکہ این آئی اے کی نمائندگی وکیل راہل تیاگی نے کی۔
دہلی ہائی کورٹ نے ان کی مستقل ضمانت کی درخواست پر سماعت کے لیے 6 جولائی کی تاریخ مقرر کی ہے۔ ان کی ضمانت کی درخواست گزشتہ سال ٹرائل کورٹ نے مسترد کر دی تھی۔
ملزم نے 12 نومبر 2025 کو این آئی اے کی خصوصی عدالت، نئی دہلی کے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے جس میں ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کی گئی تھی۔حبیب الرحمٰن کے وکیل نے بیٹی کی شادی کی بنیاد پر 30 روزہ عبوری ضمانت کی درخواست بھی دائر کی تھی۔
سماعت کے دوران یہ سوال اٹھایا گیا کہ جب مستقل ضمانت کی درخواست عدالت میں زیرِ سماعت ہو تو عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت نہیں کی جا سکتی۔ تاہم وکیل عارف خان کے مطابق دہلی ہائی کورٹ نے قانون کے تحت اپنے داخلی اختیارات استعمال کرتے ہوئے حراستی پیرول منظور کی۔