نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی حکومت نے دہلی اسکول ایجوکیشن (فیس تعیین و شفافیت میں ضابطہ بندی) ایکٹ 2025 کو باضابطہ طور پر نافذ کر دیا ہے، جو نجی اسکولوں کی فیس کو قابو میں رکھنے اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے ایک نیا نظام فراہم کرتا ہے۔ یہ ایکٹ اسمبلی سے پاس ہونے کے چار ماہ بعد بدھ کو لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کی منظوری کے بعد نوٹیفائی کیا گیا۔ ایکٹ میں فیس کے مجاز زمروں، حساب کتاب کے طریقوں اور اضافی چارجز پر پابندی جیسی تفصیلات شامل ہیں۔ اس کے تحت کیپیٹیشن فیس اور قانون کے تحت منظور شدہ رقم سے زائد کوئی بھی فیس لینا مکمل طور پر ممنوع ہے۔
ایکٹ کے مطابق، تمام نجی غیر امدادی اور تسلیم شدہ اسکول صرف درج ذیل زمروں میں فیس لے سکیں گے
رجسٹریشن فیس
داخلہ فیس
ٹیوشن فیس
سالانہ فیس
ترقیاتی فیس
مقررہ حد کے مطابق
رجسٹریشن فیس زیادہ سے زیادہ 25 روپے
داخلہ فیس 200 روپے
کیٔشن منی 500 روپے (واپس کیے جانے والی، بمعہ سود)
ترقیاتی فیس سالانہ ٹیوشن فیس کا زیادہ سے زیادہ 10 فیصد
ایکٹ اس بات کی بھی ضمانت دیتا ہے کہ تمام یوزر بیسڈ سروس چارجز بغیر کسی نفع یا نقصان کے وصول کیے جائیں گے، اور یہ ان طلبہ پر لاگو نہیں ہوں گے جو اس خدمت کو استعمال نہیں کرتے۔ قانون میں واضح کیا گیا ہے کہ ایکٹ میں جن فیسوں کی صاف اجازت نہیں دی گئی، انہیں غیر قانونی فیس تصور کیا جائے گا۔ اسکول کو شفاف حساب کتاب کے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا، مستقل اثاثہ رجسٹر رکھنا ہوگا، اور عملے کے فوائد کے لیے مناسب انتظامات یقینی بنانے ہوں گے۔
طالب علموں سے وصول کی گئی کسی بھی رقم کو اسکول کی مینجمنٹ ٹرسٹ یا سوسائٹی جیسی کسی دوسری قانونی اکائی میں منتقل کرنا ممنوع ہے۔ بچ جانے والی اضافی رقم یا تو واپس کی جائے گی یا آئندہ فیس میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔ یہ ایکٹ تمام نجی غیر امدادی اسکولوں پر یکساں طور پر نافذ ہوگا، جن میں اقلیتی ادارے اور غیر سرکاری زمین پر قائم اسکول بھی شامل ہیں۔ ایکٹ میں واضح ہدایت ہے کہ بقایہ یا دیر سے فیس کی بنیاد پر کسی بھی طالب علم کے خلاف سزا جیسے نتائج روکنا، نام کاٹنا یا کلاس میں داخلہ روکنا جائز نہیں ہوگا۔
سالانہ اسکول لیول فیس ریگولیشن کمیٹی
ایکٹ کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ ہر اسکول کو 15 جولائی تک ایک فیس ریگولیشن کمیٹی بنانی ہوگی۔ اس کمیٹی میں
پیرنٹ ٹیچر ایسوسی ایشن سے قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب پانچ والدین
خواتین کی لازمی نمائندگی
ایس سی، ایس ٹی اور سماجی و تعلیمی طور پر پسماندہ طبقے کی نمائندگی
محکمۂ تعلیم کا ایک نمائندہ
اسکول مینجمنٹ کا ایک نمائندہ (بطور صدر)
اسکولوں کو 31 جولائی تک اپنی مجوزہ فیس اس کمیٹی کو پیش کرنی ہوگی۔ کمیٹی فیس کو منظور یا کم کر سکتی ہے، لیکن بھاڑ نہیں سکتی۔ منظوری کے بعد فیس تین تعلیمی سالوں تک تبدیل نہیں کی جا سکے گی۔
حتمی فیس ڈھانچے کو اسکول کے نوٹس بورڈ پر ہندی، انگریزی اور تدریسی زبان میں نمایاں طور پر لگانا لازمی ہوگا، اور جہاں ضروری ہو، اسکول کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کیا جائے گا۔ کمیٹی یہ بھی طے کرے گی کہ اسکول کن زمروں کے تحت فیس لے سکتے ہیں، تاکہ پورے عمل میں شفافیت اور یکساں معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔