سپریم کورٹ میں ہنگامہ آرائی کیس۔ طلبہ 14 دن کی عدالتی تحویل میں

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 16-07-2026
سپریم کورٹ میں ہنگامہ آرائی کیس۔  طلبہ 14 دن کی عدالتی تحویل میں
سپریم کورٹ میں ہنگامہ آرائی کیس۔ طلبہ 14 دن کی عدالتی تحویل میں

 



نئی دہلی: پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے سپریم کورٹ میں مبینہ ہنگامہ آرائی اور سکیورٹی اہلکاروں سے ہاتھا پائی کے معاملے میں قانون کے دو طلبہ پربل پرتاپ سنگھ اور چندر بھان کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔ دونوں ملزمان کا دو روزہ پولیس ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت نے انہیں 29 جولائی تک عدالتی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا۔

اس معاملے میں تلک مارگ پولیس تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس روی نے لکھنؤ یونیورسٹی کے تیسرے سال کے طالب علم پربل پرتاپ سنگھ اور دوسرے سال کے طالب علم چندر بھان کو 29 جولائی تک عدالتی تحویل میں بھیجنے کا حکم صادر کیا۔ دہلی پولیس نے عدالت میں درخواست دائر کرکے دونوں ملزمان کو عدالتی تحویل میں بھیجنے کی استدعا کی تھی جبکہ ملزمان کی جانب سے وکیل ونود کمار پیش ہوئے۔

13 جولائی کو پولیس ریمانڈ کی درخواست دیتے ہوئے دہلی پولیس نے عدالت کو بتایا تھا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ 10 جولائی 2026 کو پربل پرتاپ سنگھ سپریم کورٹ میں اپنی ہی طرف سے مقدمہ پیش کرنے کے لیے موجود تھا۔ پولیس کے مطابق اس نے عدالتی کارروائی کے دوران مبینہ طور پر جان بوجھ کر ہنگامہ آرائی کی۔ چیف جسٹس آف ہند کے خلاف نازیبا اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کی۔ عدالت کے اندر کاغذات اچھالے اور جارحانہ رویہ اختیار کیا۔

پولیس کے مطابق ڈیوٹی پر تعینات ہیڈ کانسٹیبل رویندر کمار نے جب صورتحال پر قابو پانے اور اسے روکنے کی کوشش کی تو پربل پرتاپ سنگھ نے مبینہ طور پر ان پر حملہ کیا۔ ان کا ہاتھ جھٹکنے اور انہیں دھکا دینے کی کوشش کی جس سے سرکاری ملازم کو اپنے فرائض کی انجام دہی سے روکنے کا جرم بھی عائد کیا گیا ہے۔

دہلی پولیس نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزمان سے پوچھ گچھ ضروری ہے تاکہ واقعے کی مکمل ترتیب۔ اس کے پس منظر اور ملزمان سمیت دیگر ممکنہ شریک افراد کے کردار کا تعین کیا جا سکے۔

پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے کچھ ایسے پمفلٹ برآمد ہوئے ہیں جن میں قابل اعتراض الفاظ درج ہیں۔ تاہم ان پمفلٹوں کے مصنف۔ اشاعت۔ طباعت۔ حصول کے ذرائع۔ مقصد اور انہیں تقسیم کرنے کے ارادے کے بارے میں تحقیقات ابھی جاری ہیں۔