امریکی شہریوں کو دھوکہ دینے کے الزام میں گرفتار کال سینٹر ملازم کو ضمانت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-12-2025
امریکی شہریوں کو دھوکہ دینے کے الزام میں گرفتار کال سینٹر ملازم کو ضمانت
امریکی شہریوں کو دھوکہ دینے کے الزام میں گرفتار کال سینٹر ملازم کو ضمانت

 



 

نئی دہلی :  ساکیت ڈسٹرکٹ کورٹ نے ایک کال سینٹر کے اس ملازم کو ضمانت دے دی ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے کئی امریکی شہریوں کو دھوکہ دیا۔

گزشتہ ماہ دہلی پولیس نے مہرو لی کے ستباری علاقے میں ایک مبینہ غیر قانونی کال سینٹر کا پردہ فاش کیا تھا۔ 20 نومبر کو اس معاملے میں ایف آئی آر درج ہوئی اور ملزم پرنو اُس وقت سے عدالتی حراست میں تھا۔ جیوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس نرملا سنگھ نے ملزم کو پچاس ہزار روپے کے ضمانتی بانڈ اور اسی رقم کے مچلکے پر رہا کرنے کا حکم دیا اور ساتھ ہی کچھ شرائط بھی عائد کیں۔

عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضمانت کا مقصد ملزم کی ٹرائل کے دوران موجودگی یقینی بنانا ہے، نہ کہ اسے سزا دینا۔ عدالت کے مطابق مقدمے سے پہلے کی حراست کو سزا کی شکل اختیار نہیں کرنی چاہیے، اس لیے ملزم کو مزید جیل میں رکھنا بے فائدہ ہوگا۔ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ملزم کے خلاف شواہد زیادہ تر دستاویزی اور الیکٹرانک نوعیت کے ہیں، جو تفتیشی افسر پہلے ہی اپنے قبضے میں لے چکا ہے۔ ساتھ ہی APP اور IO نے عدالت کو بتایا کہ اس مقدمے کے گواہ زیادہ تر امریکی شہری ہیں، اس لیے اس مرحلے پر ان پر اثر انداز ہونے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

ملزم کے وکیل ابھشیک چوہان نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ ان کے مؤکل کا اس کال سینٹر سے کوئی تعلق نہیں اور وہ صرف چھاپے کے وقت وہاں موجود ہونے کی بنا پر گرفتار ہوا۔ ان کے مطابق ملزم کو غلط طور پر اس معاملے میں پھنسا دیا گیا ہے اور تمام شواہد صرف دستاویزی اور الیکٹرانک ہیں۔ دوسری طرف APP نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم بطور ٹیلی کالر کام کرتا تھا اور اس نے امریکی شہریوں کو دھوکہ دیا، جو اس کے لیپ ٹاپ اور موبائل سے ملنے والے ڈیٹا سے ثابت ہوتا ہے۔ استغاثہ نے کہا کہ متاثرہ افراد کی مکمل شناخت ابھی تک سامنے نہیں آ سکی، لیکن ریکارڈ سے ظاہر ہے کہ زیادہ تر متاثرین امریکہ سے تعلق رکھتے ہیں، اور ان کے مالی نقصان اور تفصیلات کے تعین میں مزید وقت درکار ہوگا۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ کال سینٹر کے آپریٹرز خود کو پاپ اپ سسٹمز، مائیکروسافٹ یا ایپل کے ٹیکنیکل سپورٹ نمائندوں کے طور پر ظاہر کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزمان غیر قانونی VOIP کالنگ اور غیر مجاز ILD گیٹ ویز استعمال کرکے حکومت کو نقصان اور خود کو ناجائز فائدہ پہنچاتے تھے۔ وہ Xlite اور Eye Beam Dialers جیسے سافٹ ویئر استعمال کرتے ہوئے امریکی شہریوں کو پاپ اپ، مائیکروسافٹ یا آئی فون سے متعلق تکنیکی مسائل کے نام پر دھوکہ دیتے تھے