نئی دہلی: دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے پیر کو ریسکیو وینز کا افتتاح کیا تاکہ بے گھروں اور محتاج لوگوں کی شناخت کی جا سکے اور انہیں شیلٹرز میں منتقل کیا جا سکے۔ گپتا نے کہا کہ پانچ روزہ مہم کے دوران بے گھر افراد کو اپنا گھر اشرم کے زیر انتظام شیلٹر میں لے جایا جائے گا، جہاں ان کا مناسب طور پر خیال رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پانچ روزہ مہم کے جائزے کے بعد وینز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔ یہ مہم دہلی حکومت کے محکمہ برائے سماجی بہبود، اپنا گھر اشرم، اور سیوا بھارتی دہلی پرانت کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔ سماجی بہبود کے وزیر رویندر اندراج سنگھ نے کہا کہ یہ مہم ضرورت مند، بے بس اور محتاج افراد کے لیے 11 تا 15 مئی تک راجدھانی کے تمام 13 اضلاع میں منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کا مقصد شہر کے مختلف حصوں سے محتاج افراد کو بچانا اور انہیں شیلٹر ہومز میں لانا ہے، جہاں ان کے علاج، دیکھ بھال اور بحالی کا انتظام کیا جائے گا۔ وزیر کے مطابق، 19 گاڑیاں دہلی میں ریسکیو آپریشن کے لیے تعینات کی گئی ہیں، اور توقع ہے کہ 300 سے زائد افراد کو اس مہم کے دوران مدد فراہم کی جائے گی۔