نئی دہلی: وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا نے دارالحکومت میں 70 نئے آیوشمان آروگیہ مندر کھول دیے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت آنے والے مہینوں میں 1000 سے زیادہ ایسے مراکز بنانے کا ہدف رکھتی ہے، تاکہ لوگوں کو محلے کی سطح پر بہتر اور فوری علاج مل سکے۔
افتتاح کے بعد بات کرتے ہوئے ریکھا گپتا نے کہا کہ یہ منصوبہ اس بات کی علامت ہے کہ حکومت صحت کو ہر شہری تک آسانی سے پہنچانا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق، دہلی والوں نے ووٹ دے کر جس تبدیلی کی امید کی تھی، وہ اب عملی شکل میں سامنے آ رہی ہے۔
افتتاحی پروگرام میں دہلی کے کابینہ وزیر پنکج کمار سنگھ بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پہلے سے کہیں زیادہ تیزی سے یہ مراکز کھول رہی ہے۔ آج کے 70 مراکز کے بعد دہلی میں مجموعی تعداد 238 تک پہنچ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد یہ ہے کہ ہر گھر کے قریب بنیادی علاج کی سہولت موجود ہو، تاکہ لوگوں کو چھوٹی موٹی بیماریوں کے لیے دور نہ جانا پڑے۔
اس سے پہلے بھی، 17 جون کو ریکھا گپتا نے تیس ہزاری کورٹ کمپلیکس میں ایک آروگیہ مندر کا افتتاح کیا تھا، جو عدالتی عملے اور آس پاس کے رہنے والوں کے لیے خاص طور پر بنایا گیا ہے۔ اسی دن مزید 33 مراکز بھی کھولے گئے، جن میں جدید سہولتیں موجود ہیں۔
آیوشمان آروگیہ مندر بنیادی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کی کوشش کا حصہ ہیں۔ ان مراکز میں ابتدائی ٹیسٹ، احتیاطی دیکھ بھال، خواتین کی صحت سے متعلق سہولتیں اور عام بیماریوں کا علاج جیسے خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔