نئی دہلی
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعہ کے روز فضائی آلودگی میں کمی لانے کے لیے سات سالہ منصوبے "صاف ہوا، صحت مند دہلی" کے آغاز کا اعلان کیا، جسے عالمی بینک کی مالی معاونت سے نافذ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر (سی ایم او) کے مطابق، اس منصوبے کا مقصد دہلی کے فضائی آلودگی کنٹرول پروگرام پر عمل درآمد کو تیز کرنا، قومی صاف ہوا پروگرام (این سی اے پی) کے اہداف کو آگے بڑھانا اور "وکست ہندوستان 2047" کے وژن کو تقویت دینا ہے۔یہ منصوبہ ستمبر 2026 سے اگست 2033 تک قومی دارالحکومت کے تمام اضلاع میں نافذ کیا جائے گا۔ اس منصوبے کی تخمینی لاگت 8,300 کروڑ روپے ہے، جس میں عالمی بینک 65 فیصد مالی تعاون فراہم کرے گا، جبکہ باقی 35 فیصد رقم دہلی حکومت برداشت کرے گی۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ منصوبے کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ قائم کرنے کے لیے 10 جولائی کو ایک ورکشاپ منعقد کی جائے گی۔اس ورکشاپ میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، منصوبے پر عمل درآمد کرنے والے اداروں کے نمائندے اور عالمی بینک کے سینئر حکام شریک ہوں گے، جہاں منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے ذمہ داریوں اور لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ریکھا گپتا نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت آلودگی کے بڑے ذرائع، جن میں ٹرانسپورٹ سے ہونے والا اخراج، سڑکوں کی دھول، تعمیراتی اور انہدامی ملبہ، ٹھوس کچرے کا انتظام، صنعتی اخراج، سبزہ زاروں کا فروغ اور آبی آلودگی شامل ہیں، پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دہلی کے مستقبل میں ایک طویل مدتی سرمایہ کاری ہے، جس کا مقصد نہ صرف آلودگی کو کم کرنا ہے بلکہ شہریوں کو صاف ہوا، بہتر صحت اور ایک پائیدار شہری ماحول فراہم کرنا بھی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق، اس منصوبے کی بنیاد دو اہم ستونوں پر رکھی گئی ہے۔ پہلا ستون فضائی معیار کے انتظام کو مضبوط بنانے پر مبنی ہے، جس کے تحت ایک مخصوص پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو)، جدید فضائی معیار نگرانی نظام، ڈیٹا تجزیاتی نظام، اور انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (آئی سی سی سی) قائم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مختلف محکموں کے درمیان بہتر رابطہ، سائنسی منصوبہ بندی، عوامی بیداری، تربیت اور جدت طرازی کو فروغ دیا جائے گا۔
دوسرا ستون آلودگی کے بڑے ذرائع سے اخراج میں کمی پر مرکوز ہے، جس کے تحت پرانی اور زیادہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو مرحلہ وار ہٹایا جائے گا، برقی گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا، عوامی نقل و حمل کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا اور پالیوشن انڈر کنٹرول (پی یو سی) کے جدید نگرانی نظام کو نافذ کیا جائے گا۔
سی ایم او کے مطابق، اس منصوبے میں متعدد محکمے اور ادارے شامل ہوں گے، جن میں محکمہ ماحولیات، دہلی پولوشن کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی)، محکمہ ٹرانسپورٹ، محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی)، میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی)، دہلی جل بورڈ (ڈی جے بی)، دہلی ٹرانسکو لمیٹڈ (ڈی ٹی ایل)، دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ڈی ٹی سی)، دہلی ٹریفک پولیس، دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے)، نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی)، دہلی کینٹونمنٹ بورڈ (ڈی سی بی)، ڈی ایس آئی آئی ڈی سی، ڈی ٹی ٹی ڈی سی، ڈی آئی ایم ٹی ایس اور دیگر متعلقہ ادارے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، حکومتِ ہند کا محکمہ اقتصادی امور (ڈی ای اے) اور عالمی بینک بھی اس منصوبے کے اہم شراکت دار ہوں گے۔دریں اثنا، وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعہ کے روز لاجپت نگر کالونی اسپتال میں زیر تعمیر نئے بلاک کا دورہ بھی کیا اور کہا کہ حکومت ڈیجیٹل اصلاحات اور بہتر طبی سہولیات کے ذریعے قومی دارالحکومت کے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنا رہی ہے۔
دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ لاجپت نگر کالونی اسپتال علاقے کے لوگوں کے لیے ایک اہم طبی سہارا ہے اور یہاں ایک نیا وارڈ تعمیر کیا گیا ہے، جو شہریوں کے لیے زندگی کی لکیر ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ صحت ایک انتہائی اہم شعبہ ہے۔ ہم گزشتہ ایک سال سے اس کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ نظام کئی برسوں سے مسائل کا شکار تھا۔ آج دہلی کے تمام مریضوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ موجود ہے اور پہلی بار سرکاری اسپتالوں میں ڈیجیٹل اپائنٹمنٹ کا نظام شروع کیا گیا ہے۔
ریکھا گپتا نے مزید کہا کہ ایک نیا نظام تیار کیا جا رہا ہے، جس کے تحت نجی اور سرکاری اسپتالوں کو ایک ہی پلیٹ فارم سے منسلک کیا جائے گا، تاکہ ایمرجنسی بستروں کی دستیابی سے متعلق معلومات فوری طور پر حاصل کی جا سکیں۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی اعلان کیا کہ حکومت اعضا کے عطیے کے لیے ایک خصوصی ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھی شروع کرنے جا رہی ہے۔