نئی دہلی۔ ستیہ نکیتن عمارت کے منہدم ہونے کے واقعے میں 7 افراد کی جان جانے کے بعد دہلی حکومت نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بدھ کو میونسپل کارپوریشن آف دہلی کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس میں غیر قانونی ڈھانچوں کو بلڈوزر کے ذریعے منہدم کرنا بھی شامل ہے۔وزیر اعلیٰ نے ستیہ نکیتن عمارت حادثے کے بعد سخت اور جامع کارروائی کا حکم دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے دہلی کے کئی علاقوں میں انہدامی کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے تمام سینئر افسران کو کارروائی کے دوران موقع پر موجود رہنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر کے مطابق یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔گپتا نے دہلی بھر کے تمام پے انگ گیسٹ ہاسٹلوں کا مکمل معائنہ کرنے اور وہاں غیر قانونی تعمیرات پائے جانے پر کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی کے تمام پی جی ہاسٹلوں کا گہرائی سے معائنہ کیا جائے اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے افسران کو عمارتوں کے ریکارڈ کی جانچ کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ غیر قانونی تعمیرات کب کی گئیں اور یہ کس کے دائرہ اختیار میں کی گئی تھیں۔
گپتا نے کہا کہ عمارتوں کے ریکارڈ کی مکمل جانچ کی جائے۔ یہ طے کیا جائے کہ غیر قانونی تعمیرات ٹھیک کب کی گئیں اور یہ کس کے دائرہ اختیار میں آتی تھیں۔دہلی کے وزیر اعلیٰ کے دفتر نے ایکس پر جاری پوسٹ میں کہا کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی ہدایت پر عوامی تحفظ کے مفاد میں حادثے کی جگہ سے متصل خستہ حال عمارت کو منہدم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عمارت کے اندر موجود طلبہ کا سامان دہلی فائر سروس کے اہلکار منظم طریقے سے محفوظ انداز میں باہر نکال رہے ہیں۔ تمام طلبہ اور مقامی رہائشیوں سے حکام کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حادثے کے وقت عمارت میں بڑے پیمانے پر مرمت کا کام جاری تھا۔ مہیش نے بتایا کہ گزشتہ 8 سے 10 دن کے دوران بارش کے موسم میں کچرا جمع ہونے کی وجہ سے تہہ خانے کی مرمت کی جا رہی تھی۔
اس کے علاوہ تجارتی توسیع کے لیے گراؤنڈ فلور کی تزئین و مرمت بھی کی جا رہی تھی۔مہیش نے مزید بتایا کہ عمارت منہدم ہونے کے دن خاندان کو مقامی لوگوں سے اس سانحے کی اطلاع ملی۔ قانونی کارروائی کے خوف سے وہ اپنی رہائش گاہ سے فرار ہو گئے اور راجستھان کے بھیواڑی میں اپنے سسرال کے گھر پناہ لی۔پیر کے روز پولیس نے ساؤتھ کیمپس کے ستیہ نکیتن میں اتوار کو 5 منزلہ عمارت منہدم ہونے کے معاملے میں جائیداد کی مالک 75 سالہ ارمیلا گپتا۔ ان کے 81 سالہ شوہر ہری رام گپتا اور ان کے 52 سالہ بیٹے مہیش گپتا کو گرفتار کیا تھا۔
اس حادثے میں 7 افراد ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔دہلی پولیس عمارت کے منہدم ہونے کی وجوہات اور عمارت کی ملکیت۔ دیکھ بھال۔ مرمت کے کام اور پی جی ہاسٹل کے انتظام سے وابستہ افراد کے کردار کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔