نئی دہلی : فضائی آلودگی کا شدید بحران برقرار ہے اور اتوار کی صبح بھی قومی دارالحکومت میں ہوا کا معیار شدید درجے میں رہا۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق صبح 7 بجے اے کیو آئی 439 ریکارڈ کیا گیا۔ ہفتہ کی رات 10 بجے یہ سطح 432 تھی جو مزید بگڑ کر صبح تک پہنچ گئی۔
مسلسل بلند آلودگی نے صحت سے متعلق سنگین خدشات پیدا کر دیے ہیں خاص طور پر بچوں بزرگوں اور سانس اور دل کے مریضوں کے لیے۔ شہر کے کئی علاقوں میں آلودگی کی سطح خطرناک حد تک بلند رہی۔ آنند وہار میں اے کیو آئی 489 اشوک وہار میں 463 باوانہ میں 467 چاندنی چوک میں 464 دوارکا سیکٹر 8 میں 469 آئی ٹی او میں 448 نریلا میں 412 پنجابی باغ میں 476 آر کے پورم میں 467 اور وزیرپور میں 478 ریکارڈ کیا گیا جو سب شدید درجے میں شامل ہیں۔ اے کیو آئی کی درجہ بندی کے مطابق 0 سے 50 اچھا 51 سے 100 تسلی بخش 101 سے 200 معتدل 201 سے 300 خراب 301 سے 400 بہت خراب اور 401 سے 500 شدید ہوتا ہے۔
ادھر سرد لہر کے ساتھ گھنے کہرے نے بھی شہر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور حد نگاہ کم رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کئی مقامات پر شدید کہرا رہا جبکہ درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہا جو معمول سے کم ہے۔ خراب ہوتی صورتحال کے پیش نظر کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ نے گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان کے تحت اسٹیج فور کے اقدامات دہلی اور این سی آر میں دوبارہ نافذ کر دیے ہیں تاکہ مزید بگاڑ کو روکا جا سکے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور صحت سے متعلق ہدایات پر عمل کریں۔