دہلی دھماکے: شاہ نے دو سیکورٹی میٹینگ کی صدارت کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-11-2025
دہلی دھماکے: شاہ نے دو سیکورٹی میٹینگ کی صدارت کی
دہلی دھماکے: شاہ نے دو سیکورٹی میٹینگ کی صدارت کی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے لال قلعہ کے قریب ہوئے دھماکے کے بعد قومی دارالحکومت اور ملک کے دیگر حصوں میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منگل کے روز دو اہم میٹنگوں کی صدارت کی۔ ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ امت شاہ نے پہلی میٹنگ صبح میں اور دوسری دوپہر میں منعقد کی۔
ذرائع کے مطابق، پہلی میٹنگ میں مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر تپن ڈیکا، دہلی پولیس کمشنر ستیش گولچا اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل سدّانند وسانت داتے شریک ہوئے۔ اسی میٹنگ میں جموں و کشمیر کے پولیس ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات نے بھی آن لائن شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران اعلیٰ افسران نے دھماکے کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں۔
ذرائع نے بتایا کہ دوپہر کی سیکیورٹی جائزہ میٹنگ میں بھی تقریباً یہی افسران موجود تھے۔ وزارتِ داخلہ نے دھماکے کی تحقیقات این آئی اے کو سونپ دی ہے، جو اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ حکومت نے اس واقعے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا ہے، کیونکہ این آئی اے کو صرف دہشت گردی سے متعلق معاملات کی تحقیقات کا اختیار حاصل ہے۔
اس دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہو گئی ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ ترین تحقیقاتی ایجنسیاں دھماکے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہیں اور واقعے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ افسران کے مطابق، پیر کی شام لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک ٹریفک سگنل پر آہستہ چلتی ہوئی کار میں دھماکہ ہوا تھا۔
اس دھماکے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 20 دیگر زخمی ہوئے، اور کئی گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔