نئی دہلی/ آواز دی وائس
نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور فارنزک ماہرین کی ٹیموں نے منگل کے روز دہلی کے لال قلعہ کے قریب کار دھماکے کی جگہ پر تفصیلی تفتیش کی۔ اس دھماکے میں کم از کم آٹھ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔ دہلی پولیس نے منگل کو ہنڈائی آئی 20 کار کے 11 گھنٹے طویل سفر کے نقشے کا سراغ لگایا، جس میں پیر کی شام لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب دھماکہ ہوا تھا۔
تحقیقات میں پتہ چلا کہ یہ کار فریدآباد سے لال قلعہ کے لیے 11 گھنٹے قبل نکلی تھی اور اس دوران کئی مقامات سے گزری تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق، یہ کار پیر کی صبح 7 بج کر 30 منٹ پر فریدآباد کے ایشین اسپتال کے باہر دیکھی گئی تھی۔ صبح 8 بج کر 13 منٹ پر اس نے بدرپور ٹول پلازہ عبور کیا اور دہلی میں داخل ہوئی۔
اسی دوران، 8 بج کر 20 منٹ پر اسے اوکھلا انڈسٹریل ایریا کے قریب ایک پٹرول پمپ کے پاس دیکھا گیا۔ یہ کار 3 بج کر 19 منٹ پر لال قلعہ کمپلیکس کے پارکنگ ایریا میں داخل ہوئی اور تقریباً تین گھنٹے وہاں کھڑی رہی۔ 6 بج کر 22 منٹ پر کار پارکنگ سے نکلی اور لال قلعہ کی سمت روانہ ہوئی۔ صرف 24 منٹ بعد، یعنی 6 بج کر 52 منٹ پر، چلتی ہوئی کار کے اندر ایک زوردار دھماکہ ہوا۔
تازہ ترین پیش رفت میں، دہلی پولیس کی ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ لال قلعہ کے قریب ہونے والا یہ طاقتور دھماکہ ممکنہ طور پر ایک فدائین حملہ تھا۔ ذرائع کے مطابق، ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم دھماکہ کرنے کے ارادے سے نکلا تھا، لیکن جب اسے معلوم ہوا کہ فریدآباد کا ایک دہشت گرد نیٹ ورک پکڑا گیا ہے، تو اس نے زیادہ جانی نقصان پہنچانے اور پولیس کی گرفت سے بچنے کے لیے فدائین طرز کا حملہ کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔
تحقیقات اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہیں کہ کیا حملے کا اصل ہدف کوئی دوسرا مقام تھا، کیونکہ کار دھماکے سے قبل آہستہ رفتار سے چل رہی تھی۔ تمام ممکنہ زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔ قابلِ ذکر ہے کہ جموں و کشمیر اور ہریانہ پولیس نے پیر کی صبح ہریانہ کے فریدآباد سے 360 کلو دھماکہ خیز مواد اور گولہ بارود برآمد کیا تھا اور دو افراد ڈاکٹر مزمل اور عادل راشدکو گرفتار کیا تھا، جو اسی معاملے سے جڑے ہوئے بتائے جا رہے ہیں۔