دہلی دھماکہ حکومت کی ناکامی ہے: ملکارجن کھرگے

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-11-2025
دہلی دھماکہ حکومت کی ناکامی ہے:  ملکارجن کھرگے
دہلی دھماکہ حکومت کی ناکامی ہے: ملکارجن کھرگے

 



بینگلور/ آواز دی وائس
کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے پیر کو دہلی میں ہونے والے دھماکے کو "حکومت کی ناکامی" قرار دیتے ہوئے بدھ کے روز مطالبہ کیا کہ اس دہشت گردانہ عمل کے مجرموں کو سخت سزا دی جانی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسی کوئی اور واردات نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ایسی سنگین واردات قومی دارالحکومت میں پیش آئی، جہاں انٹیلیجنس بیورو سمیت سیکیورٹی کی تمام اعلیٰ ایجنسیاں موجود ہیں۔ کھرگے نے الزام لگایا کہ دہلی میں ان تمام ایجنسیوں کی موجودگی کے باوجود حکومت مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس اس معاملے کی مکمل رپورٹ کا انتظار کرے گی۔
راجیہ سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف کھرگے نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ کانگریس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دھماکے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے اور اس کے سازشیوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ کھرگے نے کہا کہ اب یہ کیس نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کو سونپ دیا گیا ہے۔ پہلے تحقیقاتی رپورٹ آنے دیجیے۔ پارلیمنٹ کا اجلاس یکم دسمبر سے شروع ہوگا، اس کے بعد ہم اس معاملے کو دیکھیں گے۔
بہار انتخابات کے بارے میں کھرگے نے کہا کہ ایگزٹ پولز میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بہار میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو کامیابی ملے گی اور نتائج مہاگٹھ بندھن کے لیے زیادہ حوصلہ افزا نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایگزٹ پولز میں ہریانہ میں کانگریس کو برتری دکھائی گئی تھی، مگر نتائج بالکل اس کے برعکس آئے۔کھرگے نے کہا کہ اسی لیے ہمیں 14 نومبر تک انتظار کرنا چاہیے، جب اصل نتائج سامنے آئیں گے۔