نئی دہلی: ۔ دہلی میں فضائی معیار ایک بار پھر بگڑ گیا ہے اور یہ بہت خراب زمرے میں داخل ہو چکا ہے۔ شہر کے کئی علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس 300 سے تجاوز کر گیا ہے۔ گہری اسموگ اور دھند نے آلودگی کو فضا میں قید کر رکھا ہے جس کے باعث حد نگاہ کم ہو گئی ہے اور روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
حکام آلودگی کی سطح پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے نو پی یو سی نو فیول جیسے اقدامات نافذ کیے جا رہے ہیں۔ انڈیا گیٹ کے اطراف اسموگ کی موٹی تہہ دیکھی گئی جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 303 ریکارڈ کیا گیا جو مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق بہت خراب ہے۔ آنند وہار کے علاقے میں ایئر کوالٹی انڈیکس 410 رہا جو شدید زمرے میں آتا ہے۔ آئی ٹی او کے علاقے میں یہ سطح 379 رہی جو بہت خراب درج کی گئی۔ اکشردھام کے اطراف بھی اسموگ چھائی رہی جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 410 رہا اور اسے شدید قرار دیا گیا۔ دھولا کنواں کے علاقے میں ایئر کوالٹی انڈیکس 252 ریکارڈ ہوا جو خراب زمرے میں آتا ہے۔
کمیشن برائے ایئر کوالٹی مینجمنٹ نے گریڈیڈ ریسپانس ایکشن پلان کے تحت اسٹیج 3 کے اقدامات نافذ کر دیے ہیں جن میں تعمیراتی اور صنعتی سرگرمیوں پر پابندیاں شامل ہیں۔ سرد موسم۔ پرسکون ہوائیں اور گھنی دھند مل کر آلودگی کو فضا میں پھنسا رہی ہیں جس کے نتیجے میں دھند اور اسموگ برقرار ہے۔ موجودہ موسمی حالات کے باعث فضائی معیار کی خرابی کا یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جس پر سخت کنٹرول اقدامات اور مسلسل نگرانی کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔
بہت خراب فضائی معیار کے پیش نظر عوام کو خصوصاً بچوں۔ بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو طویل وقت تک باہر رہنے سے گریز کرنے اور ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ادھر سرد لہر میں شدت کے باعث کرنال میں بھی گھنی دھند چھا گئی ہے۔
جمعہ کی صبح قومی دارالحکومت میں فضائی معیار میں تیز گراوٹ دیکھی گئی۔ صبح 8 بجے مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 305 ریکارڈ کیا گیا جو بہت خراب زمرے میں آتا ہے۔ جمعرات کو شام 4 بجے یہ سطح 234 تھی۔ صبح کے وقت شہر کے کئی حصوں میں اسموگ کی موٹی تہہ برقرار رہی جس سے حد نگاہ اور مجموعی فضائی معیار مزید متاثر ہوا۔
اس سے قبل دہلی کابینہ نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں آلودگی کے خلاف جدوجہد مضبوط بنانے اور ماحولیاتی نظم و نسق بہتر کرنے کے لیے اہم فیصلوں کی منظوری دی۔ کابینہ نے دہلی حکومت کے تحت آبی ذخائر کی بحالی کے لیے 100 کروڑ روپے مختص کیے۔ قومی دارالحکومت میں تقریباً 1000 آبی ذخائر ہیں جن میں سے 160 دہلی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔
سرسا نے کہا کہ دہلی کے آبی ذخائر کی بحالی آلودگی کے کنٹرول میں اہم کردار ادا کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ اس کام کو سال کے اندر مکمل کرنے کے لیے ہر ممکن مالی تعاون فراہم کیا جائے۔
کابینہ نے ہولمبی کلاں میں دہلی کے پہلے ای ویسٹ پارک کے قیام کی بھی منظوری دی جو 11.5 ایکڑ پر پھیلا ہوگا۔ یہ سہولت اعلیٰ ترین آلودگی کنٹرول معیارات کے مطابق کام کرے گی اور 100 فیصد سرکلر زیرو ویسٹ ماڈل پر مبنی ہوگی۔ سرسا نے کہا کہ یہ بھارت کی پہلی جدید ای ویسٹ سہولت ہوگی جو زیرو آلودگی اور زیرو ضیاع کے اصولوں پر قائم ہوگی۔ اس پلانٹ میں جدید ری سرکولیشن نظام کے ذریعے پانی کو مکمل طور پر ری سائیکل اور دوبارہ استعمال کیا جائے گا۔