نئی دہلی/ آواز دی وائس
	جمعہ کی صبح دہلی کی فضائی کیفیت میں معمولی بہتری دیکھی گئی، تاہم یہ اب بھی "خراب" زمرے میں برقرار رہی۔ پچھلے چند دنوں کے مقابلے میں آج کئی علاقوں میں آسمان نسبتاً صاف اور فضائی منظر بہتر نظر آیا۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق، جمعہ صبح 8 بجے قومی دارالحکومت کا ایئر کوالٹی انڈیکس 268 ریکارڈ کیا گیا، جو "خراب" زمرے میں آتا ہے۔ گزشتہ روز اسی وقت دہلی کی فضائی کیفیت "انتہائی خراب" تھی، جب اے کیو آئی 352 تک پہنچ گیا تھا۔
	کئی اہم مانیٹرنگ اسٹیشنوں پر بھی فضا میں معمولی بہتری دیکھی گئی۔ آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق:آنند وہار میں اے کیو آئی 282، آیا نگر 237، بُراری کراسنگ 249، ڈی ٹی یو 206، دوارکا سیکٹر-8 میں 288، آئی جی آئی ایئرپورٹ 211، دلشاد گارڈن 284، آئی ٹی او 280، جواہر لال نہرو اسٹیڈیم 255، نہرو نگر 270، اوکھلا فیز 2 میں 255، پنجابی باغ 293 اور پٹپر گنج 256 ریکارڈ کیا گیا یہ سبھی "خراب" کیٹیگری میں شامل ہیں۔کچھ مقامات پر فضائی معیار نسبتاً بہتر رہا، جہاں "درمیانہ" زمرے میں اے کیو آئی ریکارڈ ہوا — سی آر آر آئی متھرا روڈ پر 198، چاندنی چوک پر 194 اور لوہڈی روڈ پر 199۔
	تاہم شہر کے کئی حصوں میں فضا اب بھی "انتہائی خراب" پائی گئی۔ سی پی سی بی کے مطابق، علی پور میں اے کیو آئی 303، اشوک وہار 328، باوانا 349، جہاںگیرپوری 312، منڈکا 317، نریلا 316، نجف گڑھ 310، آر کے پورم 305، روہنی 323، سیری فورٹ 318 اور وزیرپور میں 355 رہا۔جمعرات کو آنند وہار میں اے کیو آئی 408 اور ویویک وہار میں 415 ریکارڈ ہوا تھا، جو "شدید" زمرے میں آتا ہے۔
	دیوالی کے بعد سے دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) کے بیشتر علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) مسلسل "خراب" اور "انتہائی خراب" سطح پر رہا ہے، جبکہ گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان (گریپ) کا دوسرا مرحلہ اب بھی نافذ ہے۔ اسی دوران، بدھ کے روز نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈٰی ایم سی) نے اعلان کیا کہ فضائی آلودگی میں اضافے کے پیشِ نظر اور گریپ کے دوسرے مرحلے کے نفاذ کے بعد پورے قومی دارالحکومت میں پارکنگ فیس دگنی کر دی گئی ہے۔
	یہ فیصلہ نجی گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے کیا گیا ہے، جس کے تحت این ڈٰی ایم سی کے زیرِ انتظام آف روڈ اور انڈور پارکنگ مقامات پر چارجز دو گنا بڑھا دیے گئے ہیں۔ مزید برآں، کمیشن برائے ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) نے یکم نومبر سے قومی دارالحکومت میں معیار پر پورا نہ اترنے والی کمرشل گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
	سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، بی ایس کے غیر مطابقت رکھنے والی کمرشل گاڑیوں کو صرف 31 اکتوبر 2026 تک ہی دہلی میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ دہلی حکومت پہلے ہی فضائی آلودگی سے نمٹنے کی اپنی جامع حکمتِ عملی کے تحت دو مسلسل کلاؤڈ سیڈنگ آپریشنز مکمل کر چکی ہے۔