نئی دہلی/ آواز دی وائس
ملک کے دارالحکومت میں ہفتہ کی صبح فضائی معیار کی سطح میں معمولی بہتری ضرور دیکھی گئی، لیکن یہ اب بھی ’’خراب‘‘ زمرے میں برقرار رہی۔ دہلی-این سی آر میں پہلے سے ہی گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) کے دوسرے مرحلے پر عمل جاری ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق صبح 8 بجے تک قومی دارالحکومت کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 259 ریکارڈ کیا گیا۔
جنوب مغربی دہلی کے آر کے پورم میں اے کیو آئی 265 رہا، جبکہ پٹپڑ گنج میں 263 درج کیا گیا، جو دونوں ’’خراب‘‘ کیٹیگری میں آتے ہیں۔ تاہم مشرقی دہلی کے آنند وہار میں اے کیو آئی 412 ریکارڈ ہوا، جو ’’انتہائی خطرناک‘‘ زمرے میں شامل ہے۔ فضا میں ذرات کی زیادہ مقدار سے نمٹنے کے لیے جن پتھ روڈ پر ٹرکوں پر نصب واٹر اسپرنکلرز کا استعمال کیا گیا، کیونکہ کئی علاقوں میں ہوا کا معیار اب بھی ’’انتہائی خراب‘‘ درجے میں برقرار رہا۔ دیگر متاثرہ علاقوں میں باوانا شامل ہے جہاں اے کیو آئی 336 ریکارڈ کیا گیا، جو ’’انتہائی خراب‘‘ زمرے میں آتا ہے، جبکہ آئی ٹی او پر یہ سطح 248 رہی۔ دوارکا میں 276 کا اے کیو آئی درج ہوا، جو نسبتاً کم ضرور ہے مگر اب بھی ’’خراب‘‘ زمرے میں آتا ہے۔ یہ صورتحال دہلی بھر میں آلودگی کی غیر مساوی تقسیم کو ظاہر کرتی ہے۔
جیسے جیسے دہلی کی ہوا مزید بگڑ رہی ہے، وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعہ کے روز کہا کہ بادلوں کے ذریعے مصنوعی بارش اب دارالحکومت کے لیے ایک ناگزیر ضرورت بن چکی ہے۔ اُنہوں نے اسے ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا۔ ریکھا گپتا نے کہا، کہ بادلوں کے ذریعے بارش دہلی کے لیے ایک ضرورت ہے اور یہ اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہوگا۔ ہم اسے دہلی میں آزمانا چاہتے ہیں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ کیا اس طریقے سے ہم اس سنگین ماحولیاتی مسئلے پر قابو پا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہلی کے عوام کی دعائیں حکومت کے ساتھ ہیں، اور ہمیں یقین ہے کہ یہ تجربہ کامیاب ہوگا۔ مستقبل میں ہم ان ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہوں گے۔
ادھر، جمعہ کو سابق ایمس ڈائریکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا نے شہریوں کو بڑھتی آلودگی کے صحت پر سنگین اثرات سے خبردار کیا اور لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے آپ کو زیادہ سے زیادہ محفوظ رکھیں۔ڈاکٹر گلیریا نے اے این آئی سے گفتگو میں کہا کہ فضا میں آلودگی کی بلند سطح جو ناقص اے کیو آئی سے ظاہر ہوتی ہے ۔ دل یا پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا افراد، بوڑھوں اور بچوں کے لیے خاص طور پر خطرناک ہے۔ ان گروہوں میں سینے کی جکڑن، سانس لینے میں دشواری، کھانسی اور دمہ یا سی او پی ڈی جیسے امراض کی شدت میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حتیٰ کہ صحت مند افراد بھی ناک بند ہونے، گلے میں خراش، سینے میں بوجھ اور کھانسی جیسی علامات محسوس کر رہے ہیں۔ فضائی آلودگی سے سانس کی نالیوں میں سوزش اور تنگی پیدا ہو رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ’گرین کریکرز‘ کی اجازت کے باوجود پٹاخوں کے استعمال نے آلودگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔
دوسری جانب، دہلی کے ماحولیات کے وزیر منجندر سنگھ سرسا نے بتایا کہ 28 سے 30 اکتوبر کے درمیان دہلی میں بادل چھائے رہیں گے اور حکومت 29 اکتوبر کو مصنوعی بارش کے لیے عملی تجربات اور اجازت نامے مکمل کر چکی ہے۔ دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن ( این سی آر) میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے کئی علاقوں میں سطح ’’خراب‘‘ اور ’’انتہائی خراب‘‘ زمرے میں برقرار ہے، حالانکہ جی آر اے پی کا دوسرا مرحلہ پہلے ہی نافذ ہے۔