بہار: 7 ممالک کے 16 مندوبین نے پولنگ انتظامات کا مشاہدہ کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-11-2025
بہار: 7 ممالک کے 16 مندوبین نے پولنگ انتظامات کا مشاہدہ کیا
بہار: 7 ممالک کے 16 مندوبین نے پولنگ انتظامات کا مشاہدہ کیا

 



پٹنہ/ آواز دی وائس
بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے دوران سات ممالک کے 16 مندوبین ہندوستان کے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے منصفانہ اور پرامن انعقاد کے لیے کیے گئے انتظامات کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
انڈونیشیا، کولمبیا، فلپائن، فرانس، بیلجیم، جنوبی افریقہ اور تھائی لینڈ سے آئے ہوئے یہ وفود ہندوستانی الیکشن کمیشن کے انٹرنیشنل الیکٹرز وزیٹر پروگرام کے تحت آئے ہیں۔ اسی پروگرام کے تحت تھائی لینڈ کے ایک وفد نے پٹنہ کے ایک پولنگ بوتھ کا دورہ کیا۔ دریں اثنا، الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اعداد و شمار کے مطابق، بہار میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے ابتدائی چار گھنٹوں میں 27.65 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ بیگوسرائے ضلع میں سب سے زیادہ 30.37 فیصد ووٹنگ ہوئی، جب کہ ریاستی دارالحکومت پٹنہ میں صبح 11 بجے تک صرف 23.71 فیصد ووٹرز نے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔ صبح 9 بجے تک کم ووٹنگ والے ضلع لکھی سرائے میں 11 بجے تک شرحِ ووٹنگ بڑھ کر 30.32 فیصد ہو گئی۔
گوپال گنج میں 30.04 فیصد، بکسر میں 28.02 فیصد، بھوچپور میں 26.76 فیصد، دربھنگہ میں 26.07 فیصد، کھاگڑیا میں 28.96 فیصد، مدھی پورہ میں 28.46 فیصد، منگر میں 26.68 فیصد، مظفرپور میں 29.66 فیصد، نالندہ میں 26.86 فیصد، سہرسہ میں 29.68 فیصد، سمستی پور میں 27.92 فیصد، سارن میں 28.52 فیصد، شیخ پورہ میں 26.04 فیصد، سیوان میں 27.09 فیصد اور ویشالی میں 28.67 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ منگر ضلع میں نکسلی اثر والے علاقے  بھیمبندھ میں 20 سال بعد پہلی بار ووٹنگ ہو رہی ہے۔ مقامی لوگوں نے دو دہائیوں بعد ووٹ ڈالنے کا موقع ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ ایک مقامی شہری نے کہا کہ ہم بہت خوش ہیں، آپ سب کا یہاں آنا اچھا لگا۔ 20 سال بعد پہلی بار یہاں ووٹ ڈال کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ پہلے حالات سازگار نہیں تھے، لیکن اب کوئی خوف نہیں ہے۔ جب سے یہاں سکیورٹی کیمپ لگا ہے، امن قائم ہے۔ حکومت کی سہولتیں بھی اچھی ہیں۔ پچھلے چند سالوں سے مفت راشن بھی مل رہا ہے، اس کے لیے ہم شکر گزار ہیں۔ اب کوئی پریشانی نہیں، ہم جنگل میں سکون سے رہ رہے ہیں۔ خوشی ہے کہ یہاں پولنگ بوتھ قائم ہوا، نوجوان اور بزرگ سب ووٹ ڈال رہے ہیں۔
ایک اور مقامی رہائشی نیلم کماری نے کہا کہ بہت اچھا لگ رہا ہے، پہلے پورا جنگل پار کر کے گائے گھاٹ جانا پڑتا تھا، اب بوتھ قریب ہے، سہولت ہو گئی ہے۔ انتظامات اچھے ہیں۔ پہلے وہاں پہنچنے میں دشواری ہوتی تھی، مگر اب حالات بہتر ہو گئے ہیں۔ میں الیکشن کمیشن کی شکر گزار ہوں۔ بہار میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ آج صبح 7 بجے شروع ہوئی، جو ریاست کی 243 نشستوں میں سے 121 حلقوں میں 18 اضلاع میں ہو رہی ہے۔ تقریباً 3 کروڑ 75 لاکھ ووٹرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کر رہے ہیں۔ پولنگ شام 6 بجے تک جاری رہے گی، تاہم کچھ حساس علاقوں میں سیکورٹی وجوہات کی بنا پر وقت 5 بجے تک محدود کر دیا گیا ہے۔ 2020 کے بہار اسمبلی انتخابات تین مراحل میں ہوئے تھے، جن میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) نے 125 نشستیں حاصل کی تھیں، جبکہ اپوزیشن نے 110 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔
اہم جماعتوں میں جنتا دل (یونائیٹڈ) نے 43، اور کانگریس نے 19 نشستیں جیتی تھیں۔ اس وقت جے ڈی(یو ) نے 115 حلقوں میں اور بی جے پی نے 110 حلقوں میں مقابلہ کیا تھا، جبکہ آر جے ڈی نے 144 اور کانگریس نے 70 نشستوں پر امیدوار اتارے تھے۔