دہرادون
دہرادون پولیس نے ’’آپریشن پرہار‘‘ مہم کے تحت راجیندر نگر-کولاگڑھ علاقے میں ایک چیکنگ مہم کے دوران ایک گاڑی کے خفیہ خانے میں چھپا کر رکھی گئی ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی نقد رقم برآمد کی ہے۔ اس معاملے میں محکمہ انکم ٹیکس نے بھی جانچ شروع کر دی ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، یہ برآمدگی 15 مئی کو کوتوالی کینٹ پولیس کی طرف سے سِرمور روڈ پر چلائی گئی سخت گاڑی چیکنگ مہم کے دوران ہوئی۔ اس دوران مہاراشٹر میں رجسٹرڈ ایک مشتبہ مہندرا اسکارپیو-این کو روکا گیا۔
پریس ریلیز کے مطابق، جب پولیس نے ڈرائیور سے گاڑی کے کاغذات طلب کیے تو اس نے ابتدا میں ٹال مٹول والے جواب دیے، جس کے بعد افسران نے اس سے مزید پوچھ گچھ کی۔
سی او سٹی سوپنل مویال نے بتایا کہ کینٹ پولیس کی جانب سے چلائی گئی چیکنگ مہم کے دوران ایک مشتبہ گاڑی کو جانچ کے لیے روکا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران ڈرائیور نے اپنی شناخت گجرات کے رہنے والے ستیش بھائی کے طور پر بتائی۔ گاڑی میں سوار دو دیگر افراد نے اپنی شناخت ٹھاکر جسونت سنگھ اور سچن پٹیل کے طور پر ظاہر کی۔ جب ان سے پوچھ تاچھ کی گئی تو انہوں نے گول مول جواب دیے۔ بعد میں انہوں نے تسلیم کیا کہ گاڑی کے ایک خفیہ خانے میں بڑی مقدار میں نقد رقم چھپائی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق، یہ نقدی ایس یو وی کی درمیانی اور پچھلی نشستوں کے درمیان بنائے گئے ایک خصوصی خفیہ خانے میں رکھی گئی تھی۔مویال نے مزید کہا کہ اتنی بڑی مقدار میں نقد رقم ہونے کی اطلاع ملتے ہی سینئر افسران کو فوری طور پر مطلع کیا گیا اور انکم ٹیکس محکمہ کو الرٹ کیا گیا، جو فوراً موقع پر پہنچ گیا۔
انکم ٹیکس افسران اور سینئر پولیس حکام کی موجودگی میں گاڑی کی مکمل تلاشی لی گئی، جس کے نتیجے میں خفیہ خانے سے تقریباً 1.55 کروڑ روپے نقد برآمد ہوئے۔پوچھ گچھ کے دوران ڈرائیور جس کی شناخت گجرات کے ضلع مہسانہ کے رہنے والے اور مرحوم ہرگووند بھائی کے بیٹے ستیش بھائی کے طور پر ہوئی — مبینہ طور پر برآمد شدہ رقم سے متعلق کوئی درست دستاویز پیش نہیں کر سکا۔
مویال نے بتایا کہ جب اس سے نقد رقم کے ذریعے کے بارے میں پوچھا گیا تو اس نے بتایا کہ یہ رقم وارانسی سے لائی گئی تھی اور اسے جسونت کے حوالے کیا جانا تھا، جو اسی گاڑی میں اس کے ساتھ سفر کر رہا تھا۔گاڑی میں موجود دیگر دو افراد کی شناخت گجرات کے ضلع پاٹن کے رہنے والے ٹھاکر جسونت سنگھ باناجی اور گجرات کے ویس نگر کے رہنے والے سچن پٹیل کے طور پر ہوئی ہے۔
مویال نے کہا کہ انکم ٹیکس محکمہ فی الحال تینوں افراد سے پوچھ گچھ کر رہا ہے اور برآمد شدہ رقم کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے بیانات درج کر رہا ہے۔ اس معاملے میں آئندہ کارروائی انکم ٹیکس محکمہ ہی کرے گا۔ پولیس نے اس معاملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کو ضبط کر لیا ہے۔
پولیس نے اس ضبطی کو ایس ایس پی دہرادون کی قیادت میں ضلع بھر میں جاری چیکنگ مہم کے دوران حاصل ہونے والی ایک ’’بڑی کامیابی‘‘ قرار دیا ہے۔