اڈیشہ کے اسپتال میں آگ لگنے کے واقعہ میں جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہوا: صدر مرمو

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 16-03-2026
اڈیشہ کے اسپتال میں آگ لگنے کے واقعہ میں جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہوا: صدر مرمو
اڈیشہ کے اسپتال میں آگ لگنے کے واقعہ میں جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہوا: صدر مرمو

 



نئی دہلی
صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے پیر کے روز اڈیشہ کے ایک اسپتال میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعے میں ہونے والی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
اس حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ اور ارکانِ پارلیمنٹ کے ایک گروپ نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ ان ارکانِ پارلیمنٹ کو یہاں ناشتے پر مدعو کیا گیا تھا۔
اڈیشہ کے وزیرِ اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے بتایا کہ ریاستی حکومت کے زیرِ انتظام ایس سی بی میڈیکل کالج اور اسپتال کے آئی سی یو میں اتوار کی دیر رات لگنے والی شدید آگ کے باعث کم از کم 10 مریضوں کی موت ہو گئی۔
صدر مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا كہ اڈیشہ کے کٹک میں واقع ایک اسپتال میں شدید آگ لگنے کے باعث ہونے والے جانی نقصان سے مجھے گہرا دکھ ہوا ہے۔ میری دلی ہمدردیاں مرحومین کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں اور میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتی ہوں۔
صدر کے دفتر کی جانب سے ایک اور پوسٹ میں بتایا گیا کہ دروپدی مرمو نے راشٹرپتی بھون کلچرل سینٹر میں مغربی بنگال، تمل ناڈو، تلنگانہ، اڈیشہ، گوا، پڈوچیری، انڈمان و نکوبار جزائر، دادرا و نگر حویلی، دمن و دیو اور لکشدیپ کے ارکانِ پارلیمنٹ کو ناشتے پر مدعو کیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ یکجہتی کے اظہار کے طور پر صدر دروپدی مرمو اور ارکانِ پارلیمنٹ نے کٹک میں واقع ایس سی بی میڈیکل کالج میں پیش آئے مہلک آتشزدگی کے واقعے میں جان گنوانے والوں کے لیے راشٹرپتی بھون کلچرل سینٹر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔