نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکزی وزیر اشوِنی ویشنو نے عوام کو ڈیپ فیک کے بڑھتے ہوئے خطرات کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں ہندوستان کس طرح آگے بڑھ کر اس مسئلے کے حل تلاش کر رہا ہے۔ مرکزی وزیر برائے مواصلات، الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی نے کہا کہ حکومت اس سنگین چیلنج سے نمٹنے کے لیے دوہری حکمتِ عملی پر کام کر رہی ہے — پہلا، تکنیکی حل اور دوسرا، قانونی ضابطہ بندی۔
وزیر ویشنو نے کہا کہ اگرچہ مصنوعی ذہانت کے کئی تخلیقی اور دلچسپ پہلو ہیں، مگر ڈیپ فیک کے ذریعے کسی شخص کی آواز یا چہرے کو غلط انداز میں پیش کرنا بالکل ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے چہرے اور آواز کا استعمال اس طرح کیا جاتا ہے کہ ایسا پیغام دیا جائے جس کا آپ سے دور کا بھی تعلق نہ ہو۔” وزیر نے زور دے کر کہا، “یہ آپ کا حق ہے کہ آپ کی آواز اور چہرہ غلط طریقے سے استعمال نہ کیا جائے۔
دو طرفہ حل پر حکومت کی توجہ
ویشنو نے عالمی تناظر میں ہندوستان کی پہل کو مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا کہ جہاں یورپی ممالک صرف قانونی حل پر توجہ دے رہے ہیں، وہیں ہندوستان تکنیکی اور قانونی دونوں حلوں کو ایک ساتھ آگے بڑھانے کی سمت میں تیزی سے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ڈیپ فیک پر قابو پانے کے لیے جلد ہی جامع قوانین متعارف کرائے جائیں گے۔
مرکزی وزیر نے بتایا کہ حکومت ڈیپ فیک سے نمٹنے کے لیے دو محاذوں پر کام کر رہی ہے:
تکنیکی حل: اس سمت میں آئی آئی ٹی جودھپور نے ڈیپ فیک مواد کی شناخت کے لیے ایک مؤثر ٹیکنالوجی تیار کی ہے۔ یہ تکنیکی حل ڈیپ فیک ویڈیوز اور آڈیوز کو اصلی مواد سے الگ کرنے میں مدد دے گا۔
قانونی ضابطہ بندی: حکومت جلد ہی ڈیپ فیک سے متعلق سخت قوانین تیار کرنے میں مصروف ہے۔ وزیر نے کہا کہ یہ قوانین اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کسی کی ذاتی پرائیویسی اور شناخت کی خلاف ورزی نہ ہو۔ اس کام میں اے آئی سیفٹی انسٹیٹیوٹ جیسی تنظیمیں بھی شامل ہیں۔
ڈیپ فیک کیا ہے؟
ڈیپ فیک ایک مصنوعی میڈیا کی قسم ہے، جو مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ جیسی ٹیکنالوجیوں کے ذریعے تیار کی جاتی ہے۔ اس میں کسی موجود ویڈیو، آڈیو یا تصویر میں اس طرح تبدیلی کی جاتی ہے کہ وہ بالکل اصلی معلوم ہو۔ مثال کے طور پر، ڈیپ فیک آپ کے چہرے کو کسی دوسرے شخص کے جسم پر لگا سکتا ہے یا آپ کی آواز کی بالکل نقل کر کے ایسی باتیں کہہوا سکتا ہے جو آپ نے کبھی نہیں کہیں۔ پچھلے کچھ برسوں میں رشمیکا مندنا، امیتابھ بچن اور کئی دیگر مشہور شخصیات اس کا شکار ہو چکی ہیں۔ وزیرِاعظم نریندر مودی بھی عوام کو ڈیپ فیک کے خطرات سے آگاہ کر چکے ہیں۔
ڈیپ فیک کے خطرات کیا ہیں؟
ڈیپ فیک کے نہ صرف ذاتی اور مالی نقصانات ہیں بلکہ اس سے سیاسی عدم استحکام، سماجی بدنامی اور ہتکِ عزت جیسے حالات بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ ڈیپ فیک کا استعمال جعلی ویڈیوز بنا کر بلیک میلنگ، دھوکہ دہی اور شناخت کی چوری کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ کسی عام شخص یا مشہور شخصیت کی ساکھ کو خراب کرنے کے لیے بھی اس کا غلط استعمال ممکن ہے، جس سے ان کی عزت و وقار کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
انتخابات سے قبل یا کسی بحران کے دوران اس کا استعمال بڑے سیاست دانوں یا مشہور شخصیات کے جھوٹے بیانات نشر کرنے کے لیے کیا جا سکتا ہے، جس سے عوام میں الجھن اور بداعتمادی پیدا ہوتی ہے۔ اگر لوگ اصلی اور جعلی مواد میں فرق نہیں کر پاتے، تو میڈیا اور اطلاعات پر ان کا اعتماد کم ہو جاتا ہے، جو بالآخر جمہوری نظام کو کمزور کرتا ہے۔