کولکتہ : تراتلا گودام گرنے سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہوگئی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-06-2026
کولکتہ : تراتلا گودام گرنے سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہوگئی
کولکتہ : تراتلا گودام گرنے سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہوگئی

 



کولکتہ
کولکتہ کے ایڈیشنل کمشنر آف پولیس (کرائم) کنال اگروال نے جمعرات کو بتایا کہ تاراتلا گودام حادثے کے سلسلے میں اب تک پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ اس سانحے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 تک پہنچ چکی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنال اگروال نے کہا، ’’اب تک 11 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 19 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) اور ڈیٹیکٹو ڈپارٹمنٹ (ڈی ڈی) مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانچ نامزد افراد اور دیگر کے خلاف ازخود (سُو موٹو) ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ ایف آئی آر میں نامزد چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جس کا نام ابتدائی ایف آئی آر میں شامل نہیں تھا۔تحقیقات کی تفصیلات دیتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر نے بتایا کہ گرفتار شدگان میں سے دو افراد کا مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا کہ ایک کمپنی نے اس احاطے کو لیز پر لیا تھا۔ گرفتار شدگان میں سے دو افراد کے خلاف پہلے سے فوجداری مقدمات درج ہیں۔ ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ ڈی ڈی اور ایس آئی ٹی دونوں اس معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں اور تحقیقات کے لیے ایک اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) بھی تیار کیا گیا ہے۔کنال اگروال نے مزید بتایا کہ پولیس عمارت کے ڈھانچے سے متعلق معاملات پر کولکتہ میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کے ساتھ رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کے ایم سی کے ساتھ ابتدائی بات چیت کی ہے، تاہم باضابطہ خط کا ابھی انتظار ہے۔بدھ کے روز کولکتہ کے تاراتلا علاقے میں بریس برج کے قریب زیرِ تعمیر گودام کا شیڈ منہدم ہو گیا تھا، جس کے بعد کئی ایجنسیوں کی مدد سے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
اس سے قبل آج مغربی بنگال کی وزیر اگنی مترا پال نے کہا تھا کہ اس افسوسناک حادثے کے بعد کولکتہ میونسپل کارپوریشن کی حدود میں جاری تمام نئے تعمیراتی منصوبوں کا آڈٹ کیا جائے گا۔اے این آئی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق کے ایم سی کے دائرہ اختیار میں آنے والی تمام نئی تعمیراتی سائٹس کا آڈٹ کیا جائے گا۔ آج ہم اس حوالے سے ایک اجلاس منعقد کریں گے تاکہ آڈٹ کے لیے ایس او پیز تیار کی جا سکیں۔ اس معاملے میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور سخت کارروائی کی جائے گی۔ غیر قانونی عمارتوں کو نوٹس بھیجے جا چکے ہیں۔ گزشتہ حکومت کے دور میں غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دی گئی تھی، جس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کو اب درست کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔
دریں اثنا، عمارت کے سپروائزر سید محمد گلزار اور دو مزدور سپلائرز محمد عطاؤل اور سبھاش چودھری کو اس حادثے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ بعد ازاں مغربی بنگال حکومت نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس جوی سوریا مکھرجی کی سربراہی میں ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی۔
مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری نے اس سے قبل کہا تھا کہ ابتدائی معلومات سے معلوم ہوتا ہے کہ منظور شدہ تعمیراتی منصوبے میں بے ضابطگیاں موجود تھیں۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی منظوری 17 جنوری 2026 کو دی گئی تھی۔ زمین کی ملکیت ایس ایم پی اے کے پاس ہے اور یہ زمین شمبھوناتھ بیہرا اور ان کے شراکت داروں کے نام پر لیز پر دی گئی تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ابتدا میں ایک غلط منصوبے کی منظوری دی گئی تھی۔