نئی دہلی (اے این آئی): دہلی میں جمنا ندی کا پانی اتوار کی رات خطرے کے نشان سے نیچے آ گیا، جس سے کئی دنوں سے جاری تشویش کے بعد لوگوں کو بڑی راحت ملی۔اہلکاروں کے مطابق، 2 ستمبر سے جمنا 205.33 میٹر کے خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی تھی۔ رات 10 بجے ندی کی سطح 205.32 میٹر ریکارڈ کی گئی۔یاد رہے کہ دہلی کے لیے جمنا کا وارننگ نشان 204.5 میٹر ہے جبکہ خطرے کا نشان 205.33 میٹر ہے۔ 206 میٹر تک پہنچنے پر لوگوں کی منتقلی شروع کر دی جاتی ہے۔
ممکنہ سیلابی صورتِ حال کے پیش نظر ندی کے کنارے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو احتیاطاً محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔جمعہ کو دہلی کے وزیر پرویش ورما نے قومی دارالحکومت میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری موسلا دھار بارش کے درمیان سیول لائنز علاقے کا دورہ کیا اور لوگوں سے غیر ضروری گھبراہٹ نہ پھیلانے کی اپیل کی۔پرویش ورما نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ سیول لائنز علاقے میں پانی کی ایک بوند بھی نہیں ہے۔ رنگ روڈ سے متصل سروس روڈ سطحِ سڑک سے 8 سے 10 فٹ نیچے ہے اور بارش کا پانی مسلسل پمپ کیا جا رہا ہے۔ یہ کہنا درست نہیں کہ دہلی جمنا میں ڈوب گئی ہے۔
اس سے پہلے دہلی کا موناستری مارکیٹ، جمنا بازار، وسودیو گھاٹ اور قریبی رہائشی علاقے ندی کی سطح بلند ہونے پر زیرِ آب آ گئے تھے۔ وسودیو گھاٹ کے اطراف میں پانی نکالنے کے لیے مشینیں نصب کی گئی تھیں۔ممکنہ خطرات کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو مایور وہار فیز-1 کے قریب لگائے گئے راحت کیمپوں میں منتقل کیا گیا تھا۔ مسلسل بارش کے سبب بدھ کو جمنا کی سطح بلند ہو کر 208.66 میٹر تک پہنچ گئی تھی، جو ایک ریکارڈ سطح تھی۔