ترواننت پورم/ آواز دی وائس
کیرالا کے وزیر اعلیٰ پینارئی وجین نے کیرالا پیراوی (یومِ تاسیس) کے موقع پر ریاستی اسمبلی میں ایک تاریخی اعلان کیا کہ کیرالا نے انتہاء درجے کی غربت کے خاتمے میں ایک قابلِ ذکر سنگِ میل حاصل کر لیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اسمبلی میں قاعدہ 300 کے تحت بیان دیتے ہوئے کہا کہ ریاست نے ’’انتہائی غربت سے پاک‘‘ ہونے کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پینارئی وجین نے کہا کہ لسانی بنیاد پر ریاستوں کی تشکیل کا نظریہ ایک صدی پہلے قومی تحریک نے پیش کیا تھا۔ مگر آزادی کے ابتدائی برسوں میں اس خواب کو حقیقت بنانے کے لیے طویل اور سخت جدوجہد کرنی پڑی۔ ان ہی کوششوں کا نتیجہ متحدہ کیرالا کی تشکیل تھا یعنی ملیالی عوام کے خواب کی تعبیر۔ آج متحدہ کیرالا کے قیام کو 69 برس مکمل ہو گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال ہم کیرالا پیراوی کا دن خوشی سے مناتے ہیں، مگر اس بار کا یومِ تاسیس کیرالا کے عوام کے لیے ایک نئے دور کی شروعات ہے۔ یہ دن تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کیونکہ ہم نے کیرالا کو ہندوستان کی پہلی ایسی ریاست بنا دیا ہے جہاں اب انتہاء درجے کی غربت نہیں رہی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسمبلی کا یہ اجلاس تاریخی اہمیت رکھتا ہے،اس قانون ساز اسمبلی نے کئی تاریخی قوانین اور پالیسیاں دیکھی ہیں۔ آج یہ اجلاس ایک ایسے لمحے میں منعقد ہو رہا ہے جو ’نوا کیرالا‘ کی تشکیل میں ایک اور سنگِ میل ہے۔انہوں نے کہا کہ انتہاء درجے کی غربت کے خاتمے کا فیصلہ 2021 میں نئی وزارت کی حلف برداری کے فوراً بعد ہونے والے پہلے کابینہ اجلاس میں کیا گیا تھا۔ یہ ان وعدوں میں سے ایک تھا جو عوام سے اسمبلی انتخابات کے دوران کیے گئے تھے۔
ریاستی حکومت نے مقامی خود اختیاری محکمہ کی قیادت میں اور کیرالا انسٹی ٹیوٹ آف لوکل ایڈمنسٹریشن کے اشتراک سے دو ماہ کے اندر اندر انتہائی غریب خاندانوں کی نشاندہی کا عمل شروع کیا۔ اس میں ارکانِ اسمبلی، مقامی نمائندوں، کدمبشری کارکنوں، رضاکاروں اور افسران نے بھرپور شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ یہ عمل صرف دو ماہ کے اندر شروع کر دیا گیا۔ عوامی نمائندوں، بلدیاتی اداروں کے اراکین، سماجی تنظیموں اور رضاکاروں کی فعال شمولیت کے ساتھ، انتہائی غریب خاندانوں کی نشاندہی کا کام کیا گیا۔یہ منصوبہ ابتدائی طور پر واڈکنچیری میونسپلٹی اور آنچوتھنگو و تھیرونلی گرام پنچایتوں میں تجرباتی بنیادوں پر شروع کیا گیا، اور بعد میں پورے کیرالا میں پھیلایا گیا۔ اس منصوبے کے تحت معاشرے کے تمام طبقوں کی آراء اور تجاویز کی بنیاد پر مستحق خاندانوں کی شناخت کی گئی۔
وزیر اعلیٰ وجین نے اپوزیشن لیڈر کے بیانات کو ’’غیر متعلق‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے تبصرے بے معنی ہیں۔ انتہاء درجے کی غربت کے خاتمے کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔ یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ اپوزیشن اس اعلان سے خوفزدہ کیوں ہے۔ یہ ایک تاریخی اعلان ہے جسے اسمبلی میں دنیا کو آگاہ کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اپوزیشن اسے دھوکہ قرار دے رہی ہے، جو اس کی عادت ہے۔ ہماری حکومت وہی وعدے کرتی ہے جو پورے کر سکے، اور جو وعدہ کرتی ہے، اسے پورا بھی کرتی ہے۔ اب ہم اس کامیابی کو برقرار رکھنے کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔پارلیمانی امور کے وزیر ایم۔ بی۔ راجیش نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیرالا کے اس تاریخی کارنامے کے موقع پر اسمبلی کا بائیکاٹ کرکے اپوزیشن نے خود کو شرمندہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ کیرالا پیراوی کے دن ریاست کی تاریخی کامیابی پر فخر کرنے کے بجائے اپوزیشن نے اسمبلی کا بائیکاٹ کیا۔ تاریخ ہمیشہ انہیں اس رویے پر موردِ الزام ٹھہرائے گی۔ جمعرات کو وزیر ایم۔ بی۔ راجیش نے کہا تھا کہ کیرالا ہندوستان کی پہلی ریاست بننے جا رہی ہے جس نے انتہائی غربت کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ دوسری پینارئی وجین حکومت کے پہلے ہی کابینہ اجلاس میں 2021 میں کیا گیا تھا، اور اس مقصد کے لیے ایک خصوصی اسکیم شروع کی گئی۔ راجیش نے کہا کہ انتہائی غریب خاندانوں کی نشاندہی اور فہرست تیار کرنے کے بعد، ہر خاندان کے لیے مائیکرو پلان بنائے گئے۔ حکومت نے اب تک 64,006 خاندانوں کو انتہائی غربت سے نکالا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمل انتہائی تفصیل کے ساتھ انجام دیا گیا، جس میں عوامی نمائندے، مقامی ادارے، سماجی تنظیمیں اور رضاکار شامل تھے۔ کیرالا انسٹی ٹیوٹ آف لوکل ایڈمنسٹریشن نے اس کام کے لیے 4 لاکھ افراد کو تربیت دی۔
انہوں نے کہا کہ مائیکرو پلانز میں فوری، درمیانی مدت اور طویل مدتی اہداف شامل تھے، جن پر عمل درآمد کے نتیجے میں چار سال کے اندر 64,006 خاندانوں کو غربت سے نکالا گیا۔راجیش نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ چین کے بعد کیرالا دنیا کی دوسری ریاست بن گئی ہے جس نے انتہاء درجے کی غربت کا خاتمہ کیا ہے۔
دوسری جانب، کیرالا بی جے پی کے صدر راجیو چندر شیکھر نے ریاست کی حکمراں سی پی ایم حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’چند لاکھ لوگوں‘‘ کو غربت سے نکالنے کے بعد پورا کریڈٹ لینا ’’غریبوں کا مذاق اڑانے‘‘ کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ جب آشا کارکن معمولی تنخواہ میں اضافے کا مطالبہ کر رہی تھیں، تب سی پی ایم حکومت ان کی سننے کے بجائے اپنی تشہیر میں مصروف تھی۔ یہ حکومت پروپیگنڈا کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے اور سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
چندر شیکھر نے مزید کہا کہ حالیہ ورلڈ بینک رپورٹ میں مرکزی حکومت کی اسکیموں کے اثرات واضح کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک نے اپریل 2025 میں ایک رپورٹ شائع کی جس میں بتایا گیا کہ پچھلے 10 برسوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کی بدولت تقریباً 20 کروڑ ہندوستانی انتہائی غربت سے باہر آئے ہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے، جسے ورلڈ بینک نے تسلیم کیا ہے۔ یہ کامیابی وزیر اعظم کی مختلف اسکیموں جیسے پردھان منتری غریب کلیان انّ یوجنا، پردھان منتری آواس یوجنا، جل جیون مشن اور دیگر پروگراموں کی بدولت حاصل ہوئی ہے۔