دتیا ضمنی انتخاب میں کامیابی کانگریس کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے، دگ وجے سنگھ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-08-2026
دتیا ضمنی انتخاب میں کامیابی کانگریس کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے، دگ وجے سنگھ
دتیا ضمنی انتخاب میں کامیابی کانگریس کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے، دگ وجے سنگھ

 



 بھوپال۔ 4 اگست: مدھیہ پردیش کے دتیا اسمبلی ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار کی کامیابی پر سینئر کانگریس رہنما دگ وجے سنگھ نے دتیا کے عوام اور پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس فتح کو کانگریس کارکنوں کی انتھک محنت اور عوام کے اعتماد کا نتیجہ قرار دیا۔

دگ وجے سنگھ کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ وہ دتیا کے تمام ووٹروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد اور شکریہ پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے ان کانگریس کارکنوں کی بھی ستائش کی جنہوں نے مشکلات کے باوجود پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ جو کارکن ہر مشکل کے باوجود کانگریس کے ساتھ ڈٹے رہے انہوں نے اپنی بہادری اور محنت کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر۔ قائد حزب اختلاف۔ تمام عہدیداروں اور پارٹی رہنماؤں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ضمنی انتخاب میں کامیابی کے لیے دن رات محنت کی۔

دگ وجے سنگھ نے کہا کہ وہ ہر کانگریس کارکن کے دکھ سکھ میں اس کے ساتھ کھڑے رہنے کا وعدہ کرتے ہیں اور کارکنوں کی ترقی اور فلاح کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔

کانگریس نے 6,016 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی

الیکشن کمیشن کے مطابق دتیا اسمبلی ضمنی انتخاب میں کانگریس کے امیدوار گھنشیام سنگھ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار آشوتوش تیواری کو 6,016 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

15 مرحلوں پر مشتمل ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد گھنشیام سنگھ کو 66,757 ووٹ جبکہ آشوتوش تیواری کو 60,741 ووٹ حاصل ہوئے۔

یہ ضمنی انتخاب 30 جولائی کو منعقد ہوا تھا۔

ضمنی انتخاب کی وجہ

یہ نشست اپریل میں کانگریس کے رکن اسمبلی راجندر بھارتی کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔ انہیں دہلی کی ایک عدالت نے بینک فراڈ اور دھوکہ دہی کے مقدمے میں مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنائی تھی جس کے بعد ان کی رکنیت ختم کر دی گئی۔

بی جے پی امیدوار نے عوامی فیصلہ قبول کیا

بی جے پی امیدوار آشوتوش تیواری نے انتخابی نتیجے کے بعد ووٹروں۔ پارٹی کارکنوں اور قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے فیصلے کو پوری عاجزی کے ساتھ قبول کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں نے بھرپور محنت کی اور حکومت کی عوامی فلاحی اسکیموں کو ہر گھر تک پہنچانے کی کوشش کی۔ وہ عوام کے ہر فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

آشوتوش تیواری کو بی جے پی نے سابق وزیر نروتم مشرا کی جگہ امیدوار بنایا تھا۔ نروتم مشرا 2008 سے 2018 تک مسلسل تین مرتبہ اس حلقے سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے لیکن 2023 کے اسمبلی انتخابات میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جیتو پٹواری کا بی جے پی پر حملہ

مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری نے دتیا کے نتائج کو بی جے پی حکومت کے خلاف عوامی پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمنی انتخاب نے ریاستی حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی مدھیہ پردیش کانگریس کی پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے اور عوام نے واضح اشارہ دیا ہے کہ وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اگر نروتم مشرا بھی میدان میں ہوتے تو انہیں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑتا۔