طوفان مونتھا نےمچائی تباہی،1ہلاک

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-10-2025
طوفان مونتھا نےمچائی  تباہی،1ہلاک
طوفان مونتھا نےمچائی تباہی،1ہلاک

 



آواز دی وائس
سائیکلون مونتھا ایک شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہو کر منگل کے روز آندھرا پردیش کے کاکینادا کے قریب مچھلی پٹنم اور کلنگا پٹنم کے درمیان ساحل سے ٹکرا گیا۔ محکمۂ موسمیات نے بدھ کی صبح بتایا کہ یہ طوفان کاکینادا کے جنوب میں مچھلی پٹنم اور کلنگا پٹنم کے درمیان آندھرا پردیش اور یانم کے ساحلی علاقوں سے گزر گیا۔ اس طوفان کا اثر اوڈیشا میں بھی محسوس کیا گیا، جہاں 15 اضلاع میں عوامی زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔
ایک پولیس افسر نے  کوناسیما ضلع کے مکانگوڈیم گاؤں میں طوفان کے باعث ایک کھجور کا درخت اکھڑ کر ایک عورت پر گر گیا، جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ سائیکلون کے اثر سے آندھرا پردیش میں 38 ہزار ہیکٹیئر رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، جبکہ 1.38 لاکھ ہیکٹیئر باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ تقریباً 76 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر قائم ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا، اور حکومت نے مختلف مقامات پر 219 طبی کیمپ قائم کیے۔
طوفان کے پیشِ نظر 865 ٹن جانوروں کے چارے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ حکومت نے کرشنا، ایلورو اور کاکینادا سمیت طوفان سے متاثرہ اضلاع میں منگل کی رات ساڑھے آٹھ بجے سے بدھ کی صبح چھ بجے تک گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی، تاہم ایمرجنسی میڈیکل سروسز کو اس سے استثنا دیا گیا۔
ایک افسر کے مطابق، ہندوستانی ریلوے نے منگل کے روز ایسٹ کوسٹ ریلوے کے والٹیئر ڈویژن میں کئی ٹرینوں کو یا تو منسوخ کر دیا یا ان کے اوقات میں تبدیلی کی۔ اسی طرح ساؤتھ سنٹرل ریلوے زون نے پیر اور منگل کو کل 120 ٹرینیں منسوخ کیں۔ شدید طوفان "مونتھا" کے باعث منگل کو وشاکھا پٹنم ایئرپورٹ سے چلنے والی تمام 32 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ وجے واڑہ ہوائی اڈے سے 16 پروازیں منسوخ اور 5 پروازیں معمول کے مطابق چلیں۔
آندھرا پردیش میں شدید بارش کا الرٹ
محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 29 اکتوبر تک آندھرا پردیش اور یانم کے بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی جبکہ بعض مقامات پر بھاری سے بہت بھاری بارش ہو سکتی ہے۔
ادارے نے بتایا کہ کچھ علاقوں میں 20 سینٹی میٹر سے زیادہ بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔
افسران کے مطابق، اوڈیشا میں "مونتھا" کی وجہ سے ساحلی اور جنوبی اضلاع میں زبردست بارش ہوئی، جس کے باعث زمین کھسکنے (لینڈ سلائیڈ) کے واقعات پیش آئے، مکانات کو نقصان پہنچا اور درخت اکھڑ گئے۔ جنوبی اوڈیشا کے آٹھ اضلاع — ملکانگیری، کوراپٹ، رائےگڑا، گجپتی، گنجام، کندھمال، کالاہانڈی اور نبرنگپور — میں نقصان کی اطلاع ملی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 15 اضلاع میں عام زندگی متاثر ہوئی۔ گجپتی ضلع کی اناکا گرام پنچایت کے مطابق قریبی پہاڑیوں سے بڑے بڑے پتھر گرنے کے باعث پانچ گاؤں کی سڑکیں بند ہو گئیں۔
اسی ضلع کے کاشی نگر بلاک میں پرتودا پنچایت کے لنگا-باربھا روڈ پر بھی لینڈ سلائیڈ کی اطلاع ملی ہے۔
رائےگڑا ضلع کے گونوپور، گدری اور رام ناگوڑا علاقوں میں بھی درخت اکھڑ گئے۔
ایس آر سی دفتر کے ایک افسر نے بتایا کہ طوفان گزرنے کے بعد مختلف اضلاع میں ہونے والے نقصان کی رپورٹیں جمع کی جا رہی ہیں۔
اوڈیشا کے وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت
وزیرِ اعلیٰ موہن چرَن ماجھی نے اس قدرتی آفت کے ممکنہ اثرات کے پیشِ نظر ریاستی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ طوفان نے پہلے ہی اوڈیشا کے ساحلی اور جنوبی حصوں کے 15 اضلاع میں عام زندگی متاثر کر دی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ متاثرہ عوام کے لیے 2,000 سے زیادہ سائیکلون شیلٹرز قائم کیے گئے ہیں، اور حکومت کا مقصد جان و مال کے نقصان سے مکمل بچاؤ ہے۔
ماجھی نے کہا کہ این ڈی آر ایف اور او ڈی آر اے ایف کی 153 امدادی ٹیمیں (6,000 سے زیادہ اہلکار) جنوبی اوڈیشا کے آٹھ اضلاع میں حساس مقامات پر تعینات ہیں اور صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔