اروند کیجریوال اور منیش سسودیا کو کورٹ نے دیا آخری موقع

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 02-04-2026
اروند کیجریوال اور منیش سسودیا کو کورٹ نے دیا آخری موقع
اروند کیجریوال اور منیش سسودیا کو کورٹ نے دیا آخری موقع

 



نئی دہلی : دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کے روز تمام فریقو ن، بشمول اروند کیجریوال اور منیش سسودیا کو آخری موقع دیا ہے کہ وہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی درخواست پر اپنا جواب داخل کریں، جس میں ٹرائل کورٹ کے حکم میں ایجنسی کے خلاف کی گئی منفی ریمارکس کو حذف کرنے کی مانگ کی گئی ہے۔ یہ معاملہ دہلی ایکسائز پالیسی کیس سے متعلق ہے۔

سماعت کے دوران جسٹس سورنا کانتا شرما نے واضح کیا کہ اب مزید کوئی التوا نہیں دیا جائے گا۔ عدالت نے ہدایت دی کہ اگر آئندہ تاریخ تک فریقین نے جواب داخل نہ کیا تو ان کا جواب دینے کا حق ختم کر دیا جائے گا اور مقدمہ براہِ راست دلائل کے مرحلے میں داخل ہو جائے گا۔

ہائی کورٹ نے اب اس کیس کی اگلی سماعت 22 اپریل کو مقرر کی ہے۔ یہ ہدایت ای ڈی کی اس درخواست پر آئی ہے جس میں اس نے ٹرائل کورٹ کے ان ریمارکس کو چیلنج کیا ہے جو دہلی ایکسائز پالیسی 2021-22 سے متعلق سی بی آئی کیس میں تمام ملزمان کو بری کرتے وقت کیے گئے تھے۔

گزشتہ سماعت میں ہائی کورٹ نے ای ڈی کی اس درخواست پر نوٹس جاری کیا تھا، جس میں 27 فروری کے ٹرائل کورٹ کے حکم میں ایجنسی کے خلاف کی گئی مخصوص ریمارکس کو حذف کرنے کی مانگ کی گئی تھی۔ ای ڈی نے دلیل دی ہے کہ یہ ریمارکس “بنیادی طور پر غلط فہمی پر مبنی” تھے اور اس وقت کیے گئے جب ایجنسی اس کارروائی کا فریق ہی نہیں تھی۔

ایجنسی کا کہنا ہے کہ سی بی آئی کیس میں ڈسچارج کے مرحلے پر کیے گئے یہ تبصرے معاملے کے دائرہ کار سے باہر تھے اور اس کی منی لانڈرنگ روک تھام قانون (PMLA) کے تحت کی گئی تفتیش پر غیر منصفانہ تنقید کرتے ہیں۔ اس سے قبل ای ڈی کی جانب سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ٹرائل کورٹ نے ایجنسی کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیے بغیر وسیع نوعیت کے نتائج اخذ کیے، جو انصاف کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔ دوسری جانب سینئر وکیل وکرم چودھری نے ای ڈی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریمارکس ٹرائل کورٹ کے فیصلے کا حصہ ہیں اور انہیں چن کر حذف نہیں کیا جا سکتا۔