ووٹر لسٹ کے تنازع کا جلد فیصلہ کیا جائے: عدالت

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-06-2026
ووٹر لسٹ کے تنازع کا جلد فیصلہ کیا جائے: عدالت
ووٹر لسٹ کے تنازع کا جلد فیصلہ کیا جائے: عدالت

 



نئی دہلی
سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز ایک اپیلیٹ ٹریبونل کو ہدایت دی کہ وہ مغربی بنگال میں ووٹر فہرستوں کے خصوصی جامع نظرِ ثانی (ایس آئی آر) کے بعد نام حذف کیے جانے کے خلاف ایک وکیل کی جانب سے دائر اپیل پر جلد سماعت کرتے ہوئے فیصلہ صادر کرے۔چیف جسٹس سوریا کانت اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ ابتدائی طور پر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ درخواست گزار مغربی بنگال کے حقیقی باشندہ ہیں۔ درخواست گزار کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 75 سالہ وکیل گزشتہ تقریباً پانچ دہائیوں سے وکالت کر رہے ہیں اور ریاست میں خصوصی جامع نظرِ ثانی کا عمل شروع ہونے سے پہلے وہ ایک جائز ووٹر تھے۔
درخواست گزار نے اپنی عرضی میں ووٹر فہرست سے نام حذف کیے جانے کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔عدالتِ عظمیٰ نے اپیلیٹ ٹریبونل کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے کا جلد از جلد فیصلہ کرے۔بنچ نے کہا کہ  آپ (درخواست گزار) مغربی بنگال کے حقیقی باشندہ معلوم ہوتے ہیں۔ آپ اس طریقۂ کار سے واقف ہیں جو ہم نے طے کیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ووٹر فہرست سے نام خارج کیے جانے کے خلاف اپیلیٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کی گئی تھی، لیکن اب تک اس پر کوئی فیصلہ نہیں سنایا گیا۔بنچ نے مشاہدہ کیا کہ درخواست گزار 1977 سے مرشد آباد میں وکالت کر رہے ہیں اور خصوصی جامع نظرِ ثانی کے عمل کے دوران ان کا نام ووٹر فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔
عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے ٹریبونل سے کہا کہ وہ درخواست گزار کی اپیل پر جلد فیصلہ کرے۔
سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ کوشش کی جائے کہ اس معاملے کا فیصلہ زیادہ سے زیادہ دو ماہ کے اندر کر دیا جائے۔