تریپورہ، میگھالیہ، ناگالینڈ میں ووٹوں کی گنتی شروع

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 02-03-2023

تریپورہ، میگھالیہ، ناگالینڈ میں ووٹوں کی گنتی شروع
تریپورہ، میگھالیہ، ناگالینڈ میں ووٹوں کی گنتی شروع

 

 

اگرتلہ/شیلانگ/کوہیما، :  تین شمال مشرقی ریاستوں تریپورہ، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی جمعرات کی صبح آٹھ بجے سخت سیکورٹی کے درمیان شروع ہوئی۔

ان تینوں ریاستوں کے انتخابات کے نتائج آج دیر رات تک آنے کی امید ہے۔ ووٹوں کی پرامن گنتی کے لیے کاؤنٹنگ سینٹرز پر سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں اور مختلف مقامات پر سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔

تمام ای وی ایم مشینوں کو اسٹرانگ روم میں رکھا گیا ہے اور وہاں تین سطحی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انتخابی عہدیداروں نے بتایا کہ تریپورہ میں 60 سیٹوں کے لئے ووٹوں کی گنتی آج شروع ہوئی۔ اس کے علاوہ میگھالیہ اور ناگالینڈ کی 60-60 سیٹوں میں سے 59-59 سیٹوں پر ووٹنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی ایک ساتھ شروع ہو رہی ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کاجیتو کنیمی نے انتخابی نتائج آنے سے پہلے ہی ناگالینڈ کی اکولوتو سیٹ بلامقابلہ جیت لی ہے۔ جبکہ میگھالیہ میں ایک سیٹ پر الیکشن ملتوی کر دیا گیا۔ ریاستی پولس کو ووٹوں کی گنتی کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سب سے باہری دائرے میں تعینات کیا گیا ہے۔

تریپورہ کے چیف الیکٹورل آفیسر کرن گٹے نے کہا کہ گنتی کے عمل کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیے 60 اسمبلی حلقوں میں سے ہر ایک کے لیے ایک کاؤنٹنگ مبصر کے ساتھ مرکزی نیم فوجی اہلکاروں کو کاؤنٹنگ ہال میں تین سطح پر تعینات کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر حلقے کے لیے 10 ٹیبلز پر پوسٹل بیلٹس کی گنتی کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے ووٹوں کی گنتی شروع ہو جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ تریپورہ کے کل 2814584 ووٹروں میں سے 1247705 خواتین سمیت 2466511 ووٹروں نے 3327 پولنگ اسٹیشنوں پر 27 فروری کو ووٹ ڈالے اور 259 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں بند کیا، جن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے 55 امیدوار اوربائیں بازو کی جماعتوں کے 47 امیدوار اور ٹپرا موتھو کے 42، ترنمول کانگریس کے 28 اور کانگریس کے 13 امیدوار شامل ہیں۔ تریپورہ میں 89.95 فیصد ووٹروں نے ووٹ دیا۔