کورونا:دہلی میں ویک اینڈلاک ڈائون

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 04-01-2022
کورونا:دہلی میں ویک اینڈلاک ڈائون،کن کن ریاستوں میں لاک ڈائون کاامکان؟
کورونا:دہلی میں ویک اینڈلاک ڈائون،کن کن ریاستوں میں لاک ڈائون کاامکان؟

 

 

نئی دہلی. ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے ایک بار پھر پابندیوں کا دور شروع ہو گیا ہے۔ خود راجدھانی دہلی میں بھی مسلسل بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر پابندیاں دوبارہ سخت کر دی گئی ہیں۔

اس کے تحت ویک اینڈ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری دفاتر میں گھر سے کام کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے جبکہ پرائیویٹ دفاتر میں اہلکاروں کی حاضری پچاس فیصد رکھی گئی ہے۔

ہلاکت خیز کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے دہلی حکومت نے ویک اینڈ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ہفتہ اور اتوار کو رات کے کرفیو کے علاوہ دن کا کرفیو بھی ہوگا

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے منگل کو یہ اطلاع دی انہوں نے کہا کہ ویک اینڈ کرفیو لگانے کا فیصلہ ڈی ڈی ایم اے کے اجلاس میں کیا گیا انہوں نے کہا کہ ضروری خدمات کے علاوہ باقی سب پر کرفیو کا نفاذ ہوگا

انہوں نے کہا کہ میٹرو اور بس کو 50 فیصد گنجائش پر چلانے کے فیصلے کے بعد دیکھا گیا کہ بس اسٹاپ اور میٹرو اسٹیشن کے سپر اسپریڈر بننے کاخدشہ ہے اس لیے اب بس اور میٹرو صد فیصد گنجائش کے ساتھ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بس اور میٹرو میں ہر ایک کے لیے ماسک پہننا لازمی ہو گا۔

نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے اب گھر سے کام کریں گے، جب کہ 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ پرائیویٹ دفاتر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور ضرورت کے وقت ہی گھروں سے باہر نکلیں۔ کورونا کے گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کریں اور ماسک پہنیں۔

ممبئی میں بھی کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے پیش نظر ممبئی کے میئر کشاری پیڈنیکر نے واضح کیا ہے کہ اگر کیس 20 ہزار سے اوپر جاتے ہیں تو لاک ڈاؤن نافذ کر دیا جائے گا۔ یہاں وبا کی وجہ سے کچھ عرصہ قبل کھلنے والے سکول دوبارہ بند کیے جا رہے ہیں۔

مہاراشٹر میں بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے اسکولوں کو ایک بار پھر بند کرنا پڑا ہے۔ ایک طالب علم کی ماں نے بتایا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ اسکول بند کر دیا گیا ہے۔ سمارٹ فون نہ ہونے کی وجہ سے ان کا بیٹا آن لائن کلاسز لینے سے قاصر ہے۔ اس سے اس کی پڑھائی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ دہلی میں بڑھتی سردی اور کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے اسکول پہلے ہی بند کر دیے گئے ہیں۔

دہلی میں اومیکرون کے بڑھتے ہوئے کیس بھی اس کی وجہ بن گئے ہیں۔ ملک میں جس طرح سے کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، اس کا نیا ویریئنٹ اومیکرون بھی اس میں شامل ہے۔ اس کی منتقلی کی رفتار اب تک سامنے آنے والے تمام ویریئنٹس سے بہت زیادہ ہے۔

تاہم، دہلی میں ایمس نے اپنے تمام فیکلٹی ممبران کو فوری طور پر ڈیوٹی میں شامل ہونے کو کہا ہے۔ ایمس نے موسم سرما کی چھٹیوں کے باقی دنوں (5 جنوری سے 10 جنوری) کو بھی منسوخ کر دیا ہے۔