بجنور (اتر پردیش): جموں و کشمیر پولیس نے منگل کے روز ضلع کپواڑہ میں مبینہ طور پر مذہب کی تبدیلی کے ایک معاملے میں ابتدائی تفتیشی رپورٹ (FIR) درج کر لی ہے۔ پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں کو نہ پھیلائیں اور نہ ہی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کریں۔
جموں و کشمیر پولیس کے مطابق: کپواڑہ میں مبینہ مذہبی تبدیلی سے متعلق ایک کیس سامنے آیا ہے۔ معاملے کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور متعلقہ دفعات کے تحت FIR نمبر 133/2026 درج کر لی گئی ہے۔ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ عوام سے درخواست ہے کہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور غیر تصدیق شدہ معلومات شیئر نہ کریں۔”
ادھر اتر پردیش پولیس نے بھی ایک مقامی سیلون مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، یہ مقدمہ اس شکایت کے بعد درج ہوا جس میں بہادرپور گاؤں کے ایک رہائشی نے الزام لگایا کہ اس کے 17 سالہ بیٹے کو کپواڑہ (جموں و کشمیر) میں بال کاٹنے (ہیئر ڈریسنگ) کا کام سیکھنے کے بہانے غیر قانونی طور پر اسلام قبول کرایا گیا۔
سرکل آفیسر سنگرام سنگھ کے مطابق شکایت آج کوتوالی نگر تھانے میں درج کرائی گئی، اور مبینہ واقعہ کپواڑہ شہر میں پیش آیا۔ انہوں نے کہا: “آج کرشنا کمار کی جانب سے درخواست موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ اس کا بیٹا وسیم کے ساتھ کپواڑہ گیا تھا تاکہ وہ حجامت کا کام سیکھ سکے۔ اب اطلاع ملی ہے کہ اس کا مذہب تبدیل کرایا گیا ہے۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔”
متاثرہ کے والد کرشنا کمار نے بتایا کہ وہ ملزم پر اعتماد کرتے تھے کیونکہ ان کا پرانا پیشہ ورانہ تعلق تھا، اس لیے ابتدا میں کسی غلط ارادے کا شبہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا: “میرا بیٹا نابالغ ہے۔ وسیم نامی شخص اسے کام سکھانے کے لیے گھر سے لے گیا تھا۔ وہ وقتاً فوقتاً گھر آتا رہا اور ہمیں پیسے بھی دیتا رہا، اس لیے ہمیں کوئی شک نہیں ہوا۔
” والد کے مطابق انہیں اس واقعے کا علم اچانک سوشل میڈیا کے ذریعے ہوا، جس کے بعد انہوں نے پولیس سے رابطہ کیا۔ ان کے مطابق 15 مئی کو بیٹے نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو بھی بھیجی جس میں اس نے مبینہ طور پر اسلام قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔ پولیس کے مطابق معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔