کولکتہ
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے رکنِ پارلیمنٹ بکاش رنجن بھٹاچاریہ نے مغربی بنگال حکومت کے اس فیصلے پر تنقید کی ہے، جس کے تحت ریاست کے تمام اسکولوں اور مدارس میں ’’وندے ماترم‘‘ گانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس حکم کو ’’غیر ضابطہ‘‘ اور ’’غیر آئینی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مناسب وقت پر اسے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔
بھٹاچاریہ نے کہا کہ کسی مخصوص نغمے کو تمام تعلیمی اداروں میں لازمی قرار دینا آئین کی روح کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا، ’’مغربی بنگال حکومت کی جانب سے مدارس اور دیگر اسکولوں میں وندے ماترم کو لازمی قرار دینا انتہائی غیر ضابطہ اور غیر آئینی اقدام ہے۔ مناسب وقت آنے پر اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔
دوسری جانب وشو ہندو پریشد کے رہنما ونود بنسل نے ریاستی حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے طلبہ میں حب الوطنی اور ہندوستانی ثقافت کے جذبات کو فروغ ملے گا۔ونود بنسل نے کہا کہ وندے ماترم کو ایک طویل عرصے تک اسلامی شدت پسندوں اور ان کی سوچ کی جانب سے دبانے کی کوشش کی گئی۔ پہلے کانگریس، پھر کمیونسٹ جماعتوں اور بعد میں ترنمول کانگریس نے بھی اسے وہ اہمیت نہیں دی جس کی یہ مستحق تھی۔ ہم بنگال کی وزیر اعلیٰ کی تعریف کرتے ہیں کہ انہوں نے سرکاری اسکولوں کے ساتھ ساتھ مدارس میں بھی اسے لازمی قرار دیا، تاکہ ہر طالب علم اپنے دن کا آغاز حب الوطنی کے پیغام کے ساتھ کرے۔
دراصل، مغربی بنگال حکومت نے حال ہی میں ریاست کے تمام اسکولوں میں کلاسوں کے آغاز سے قبل منعقد ہونے والی دعائیہ اسمبلی کے دوران ’’وندے ماترم‘‘ گانے کو لازمی قرار دیا ہے۔ یہ حکم ریاستی محکمۂ تعلیمِ مدارس و اسکول کی جانب سے جاری کیا گیا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے تمام اسکولوں میں اس فیصلے پر فوری طور پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
کولکتہ میں واقع محکمۂ اسکولی تعلیم کی انتظامی شاخ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سابقہ تمام احکامات اور روایات کو منسوخ کرتے ہوئے ہدایت دی جاتی ہے کہ کلاسوں کے آغاز سے قبل منعقد ہونے والی دعائیہ اسمبلی میں ’وندے ماترم‘ کا گیت ریاست کے تمام اسکولوں میں لازمی طور پر گایا جائے گا۔ 14 مئی کو جاری کیے گئے اس حکم میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ یہ فیصلہ مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ یہ ہدایت بھی دی گئی کہ محکمۂ اسکولی تعلیم کے دائرۂ اختیار میں آنے والے تمام تعلیمی اداروں، جن میں سرکاری اور امداد یافتہ اسکول شامل ہیں، پر اس حکم کا اطلاق ہوگا۔
تاہم، اس فیصلے نے سیاسی اور سماجی حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ایک طرف اسے حب الوطنی اور ثقافتی شناخت سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب بعض اپوزیشن جماعتیں اور سماجی تنظیمیں اسے مذہبی آزادی اور آئینی حقوق کے تناظر میں دیکھ رہی ہیں۔
؎
ماہرین کا ماننا ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ معاملہ سیاسی اور قانونی مباحث کا ایک اہم موضوع بن سکتا ہے، خصوصاً اس لیے کہ اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیے جانے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔