ہریانہ
ریاست ہریانہ اسٹیٹ ویمن کمیشن نے بالی وڈ کے ریپر اور گلوکار بادشاہ کو ان کے حالیہ ہریانوی لوک گیت ‘ٹٹہری’ پر پیدا ہونے والے تنازع کے سلسلے میں سمن جاری کیا ہے۔ کمیشن نے اس گانے کے مواد پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے بادشاہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے 13 مارچ کو ذاتی طور پر پیش ہوں۔
یہ کارروائی بنیادی طور پر پانی پت کی تنظیم ‘ناری تو نارائنی’ کی صدر سویتا آریہ اور شیو آرتی فاؤنڈیشن کے سربراہ شیو کمار کی جانب سے درج کرائی گئی شکایات کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تنازع کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے روہتک کے وکیل راج نارائن پنگھال نے بھی اس معاملے میں قدم اٹھاتے ہوئے ریاستی بال حقوق تحفظ کمیشن کو اپنی شکایت بھیج دی ہے، جس کے بعد بادشاہ کی مشکلات بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔
شکایت میں بادشاہ کے ریپ گیت کی اس لائن پر اعتراض کیا گیا ہے كہ بادشاہ ڈولی چڑھانے، اِن سب کی گھوڑی بنانے۔
شکایت کنندگان کا کہنا ہے کہ اس گانے میں نامناسب اور گندی زبان استعمال کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ویڈیو میں اسکول ڈریس پہنے کم عمر بچیوں کو ہریانہ روڈ ویز کی بس پر چڑھ کر اسکول بیگ کے ساتھ ناچتے اور بیگ پھینکتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
پورے معاملے پر سہارن کھاپ نے بھی سخت اعتراض درج کرایا ہے۔