نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز شہریوں سے اپنے آئینی فرائض ادا کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ یہی مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہیں۔ یومِ دستور کے موقع پر شہریوں کے نام اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے ووٹنگ کے حق کا استعمال کرکے جمہوریت کو مضبوط بنانے کی ذمہ داری پر زور دیا اور تجویز پیش کی کہ اسکول اور کالج 18 برس کی عمر مکمل کرکے پہلی بار ووٹر بننے والے نوجوانوں کو اعزاز دے کر یومِ دستور منائیں۔
مودی نے مہاتما گاندھی کے اس نظریے کو یاد کیا کہ حقوق کی بنیاد فرائض کی ادائیگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی ہی سماجی اور معاشی ترقی کی بنیاد بنتی ہے۔ وزیر اعظم نے دستور کا مسودہ تیار کرنے میں راجندر پرساد، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور دیگر شخصیات کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے آزادی کی جدوجہد میں سردار ولبھ بھائی پٹیل، بئرسا منڈا اور مہاتما گاندھی کی قیادت کو بھی یاد کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ تمام شخصیات اور ان کی خدمات ہمیں اپنے فرائض کی اہمیت یاد دلاتی ہیں، جس پر دستور کے آرٹیکل 51اے میں بنیادی فرائض کے خصوصی باب کے ذریعے بھی زور دیا گیا ہے۔ یہی فرائض ہماری اجتماعی سماجی اور معاشی پیش رفت کا رہنما ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مہاتما گاندھی ہمیشہ شہریوں کے فرائض پر زور دیتے تھے۔
مودی نے کہا کہ ان کا ماننا تھا کہ فرائض کی صحیح ادائیگی سے ہی مساوی حقوق پیدا ہوتے ہیں اور حقیقی حقوق فرائض کی ادائیگی کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج بنائی جانے والی پالیسیاں اور فیصلے آنے والی نسلوں کی زندگی کا رخ طے کریں گے۔ وزیر اعظم نے شہریوں سے اپیل کی کہ ’وکسِت ہندوستان‘ (ترقی یافتہ ہندوستان) کے ہدف کی طرف بڑھتے ہوئے اپنے فرائض کو سب سے اوپر رکھیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے، اور یہ ہمارے اندر گہری شکرگزاری پیدا کرتا ہے۔ جب ہم اسی جذبے کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں تو اپنے فرائض کی ادائیگی ہماری فطرت کا لازمی حصہ بن جاتی ہے۔ ہر کام میں مکمل اہلیت اور وقفیت کے ساتھ محنت کرنا ضروری ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر عمل دستور کو مضبوط بنانے والا ہونا چاہیے اور ہمیں قومی اہداف اور مفادات کو آگے بڑھانا چاہیے۔ آخرکار ہمارے آئین سازوں نے جو خواب دیکھے تھے، انہیں پورا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب ہم اسی فرض شناسی کے ساتھ کام کریں گے، تو ہمارے ملک کی سماجی اور معاشی ترقی کئی گنا بڑھ جائے گی۔ مودی نے کہا کہ سردار پٹیل کی دور اندیش قیادت نے ہندوستان کا سیاسی انضمام ممکن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ انہی کی تحریک اور پختہ یقین کا نتیجہ تھا کہ ہم نے آرٹیکل 370 اور 35اے کے خلاف فیصلہ کن قدم اٹھایا۔ ہندوستان کا دستور اب مکمل طور پر جموں و کشمیر میں نافذ ہے، جو عوام خصوصاً خواتین اور محروم طبقات کے تمام آئینی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔
مودی نے کہا کہ بھگوان بئرسا منڈا کی زندگی قبائلی برادریوں کے لیے انصاف، عزت اور بااختیار بنانے کے ہندوستان کے عزم کو ہمیشہ تحریک دیتی رہے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دستور نے شہریوں کو ووٹ دینے کا حق دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ہونے کے ناتے ہمارا فرض ہے کہ ہم قومی، ریاستی اور مقامی انتخابات میں کبھی ووٹ ڈالنے سے نہ چوکیں، جہاں ہم رجسٹرڈ ہیں۔ وزیر اعظم نے اسکولوں اور کالجوں میں ہر سال 26 نومبر کو 18 سال کے ہونے والے نوجوانوں کے احترام میں خصوصی تقریبات منعقد کرنے کی بھی اپیل کی۔
مودی نے کہا کہ اس طرح پہلی بار ووٹ ڈالنے والے نوجوانوں کو یہ احساس ہوگا کہ وہ صرف طلبہ ہی نہیں بلکہ قوم سازی کے عمل کے فعال شریک بھی ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دستور کی طاقت ہی تھی کہ ان جیسے ایک عام اور معاشی طور پر غریب گھرانے سے آنے والے شخص کو 24 برس سے زیادہ وقت تک حکومت کا سربراہ بن کر خدمت کرنے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا مجھے آج بھی 2014 کے وہ لمحات یاد ہیں، جب میں پہلی بار پارلیمنٹ آیا تھا اور جمہوریت کے سب سے بڑے مندر کی سیڑھیوں کو چھو کر سلام کیا تھا۔ مودی نے کہا کہ 2019 کے انتخابی نتائج کے بعد جب وہ سنٹرل ہال میں داخل ہوئے تو انہوں نے جھک کر دستور کو اپنے ماتھے سے لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اس دستور نے میرے جیسے کئی لوگوں کو خواب دیکھنے کی طاقت اور ان خوابوں کی تکمیل کے لیے محنت کرنے کا حوصلہ دیا ہے۔